ڈیلٹا ایئر لائنز کے کمپیوٹر سسٹم میں خرابی، امریکا بھر میں 1200 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار

اٹلانٹا: (ویب ڈیسک) امریکا کی ڈیلٹا ایئر لائنز کے اہم کمپیوٹر سسٹم میں خرابی کے باعث دنیا کے مصروف ترین ایئرپورٹ اٹلانٹا سمیت ملک کے کئی دیگر ہوائی اڈوں پر پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوگیا۔

ایک روز کے دوران ڈیلٹا ایئر لائنز کی 1200 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، جو کمپنی کی مجموعی پروازوں کا تقریباً 50 فیصد بنتی ہیں، اٹلانٹا ایئرپورٹ پر سینکڑوں پروازیں متاثر ہوئیں، جبکہ پروازوں میں اوسطاً تقریباً 57 منٹ کی تاخیر ریکارڈ کی گئی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق طیاروں کے وزن اور توازن کا حساب لگانے والا خودکار کمپیوٹر سسٹم بند ہونے کے باعث پروازوں کی تیاری اور روانگی کا عمل متاثر ہوا۔

ابتدائی طور پر ڈیلٹا ایئر لائنز کی درخواست پر اٹلانٹا سے روانہ ہونے والی پروازوں کیلئے گراؤنڈ سٹاپ نافذ کیا گیا، جس کے تحت طیاروں کی روانگی عارضی طور پر روک دی گئی، بعد ازاں اس تکنیکی خرابی کے اثرات امریکا کے دیگر ایئرپورٹس پر بھی دیکھے گئے، جہاں پروازوں کے اوقات متاثر ہوئے۔

کمپیوٹر سسٹم میں خرابی کے باعث مسافروں کو طویل انتظار اور سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ پروازوں کی تاخیر نے ایئرپورٹس پر معمول کی سرگرمیوں کو بھی متاثر کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...