سندھ میں سڑکوں کی تعمیر چین کی این ایچ اے کو 25ارب امداد کی پیشکش

سندھ میں سڑکوں کی تعمیر چین کی این ایچ اے کو 25ارب امداد کی پیشکش

چائنہ ایڈ کے تحت چار برس میں رقم فراہم ہوگی، این فائیو کی کشادگی اور پلوں کی تعمیر پر خرچ کی جائے گی اے ڈی بی کے 36کروڑ ڈالر ٹرانچ تھری منصوبے میں تاخیر، وزیراعظم کا نوٹس ،تفصیلات طلب

 اسلام آباد (مدثر علی رانا)چین نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے ) کو سندھ میں سڑکوں کی تعمیر کے لیے 25 ارب روپے امداد دینے کی پیشکش کی ہے ۔ دستاویز کے مطابق یہ رقم چائنہ ایڈ پروگرام کے تحت چار برس میں فراہم کی جائے گی اور اسے این فائیو کی کشادگی  اور متعلقہ پلوں کی تعمیر پر خرچ کیا جائے گا۔ منصوبے میں ہالہ، سرکنڈ، دولت پور اور بھٹ شاہ سے ہالہ تک کے حصے شامل ہیں۔ حکومت پاکستان اس منصوبے کے لیے ڈھائی ارب روپے فراہم کرے گی۔دوسری جانب ایشیائی ترقیاتی بینک کے کیریک کوریڈور انویسٹمنٹ پروگرام کے ٹرانچ تھری منصوبے میں تاخیر سامنے آئی ہے ۔ وزارت اقتصادی امور نے وزیراعظم شہباز شریف کو آگاہ کیا کہ این 55 سے متعلق 36 کروڑ ڈالر مالیت کا منصوبہ سست روی کا شکار ہے ۔ منصوبہ 15 دسمبر 2023 کو شروع ہونا تھا اور 30 جون 2027 کو مکمل ہونا ہے ۔ اس کے تحت راجن پور تا ڈیرہ غازی خان اور قیصرانی روڈ سمیت 330 کلومیٹر سڑک تعمیر کی جانی ہے ۔ زمین کے حصول میں رکاوٹوں کو تاخیر کی بنیادی وجہ قرار دیا گیا ہے ۔ وزیراعظم نے تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے منصوبے کی پیشرفت پر تفصیلی رپورٹ طلب کر لی جبکہ ٹھیکہ لینے والی کمپنی کے معاملے پر بھی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں