طلبا کو لیپ ٹاپ میرٹ پر دئیے جا رہے : احسن اقبال
پسماندہ علاقوں میں تعلیمی مواقع فراہم کیے جائیں تو قوم پیچھے نہیں رہ سکتی ن لیگ انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتی:یونیورسٹی آف نارووال میں خطاب
نارووال (خبر نگار)وفاقی وزیر احسن اقبال نے یونیورسٹی آف نارووال میں پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کے 300 طلبہ و طالبات میں میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لیپ ٹاپ سیاسی بنیادوں پر نہیں بلکہ خالصتاً میرٹ پر دئیے جا رہے ہیں اور یہی اصل پاکستان کا میرٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم نوجوانوں کو طاقت دیتی ہے اور پسماندہ علاقوں میں تعلیمی مواقع فراہم کئے جائیں تو کوئی قوم پیچھے نہیں رہ سکتی۔ مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے ملک بھر میں لاکھوں لیپ ٹاپ تقسیم کیے اور نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نوجوانوں کو کٹے کٹیاں نہیں بلکہ قابل بنانا چاہتے ہیں تاکہ وہ اپنی محنت سے روزگار حاصل کر سکیں۔احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کے دور میں ملک سے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا گیا اور ترقی کے متعدد منصوبے شروع کیے گئے ، تاہم 2018 کے بعد کئی منصوبے روک دئیے گئے جس سے ترقی کا سفر متاثر ہوا۔ مسلم لیگ (ن)انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، تاہم پی ٹی آئی نے اپنے دورِ حکومت میں مخالفین کے ساتھ سخت رویہ اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں زخمی حالت میں بھی گرفتار کیا گیا اور علاج کی سہولتیں فراہم نہیں کی گئیں۔ ان کے مطابق موجودہ حکومت عدالتی فیصلوں اور سپریم کورٹ کی ہدایات پر عملدرآمد کر رہی ہے اور کسی سے سیاسی انتقام نہیں لیا جا رہا۔