پی ٹی آئی کے مستعفی رکن پنجاب اسمبلی عدنان ڈوگر کی قائمہ کمیٹی اجلاس میں شرکت پر چہ مگوئیاں
لاہور(سیاسی نمائندہ)تحریک انصاف کے اراکین پنجاب اسمبلی کی جانب سے قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کے باوجود قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کا معاملہ سامنے آگیا، جس پر سیاسی حلقوں میں سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے رکن صوبائی اسمبلی عدنان ڈوگر نے سٹینڈنگ کمیٹی برائے جنگلات و جنگلی حیات کے اجلاس کی بروز جمعرات صدارت کی۔ حالانکہ پارٹی کی جانب سے کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا جا چکا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عدنان ڈوگر کی جانب سے کمیٹی اجلاس کی صدارت کے معاملے کو خفیہ رکھنے کی کوشش بھی کی گئی۔ مزید یہ کہ اجلاس کی کارروائی کو انٹرنیٹ پر نشر کرنے سے بھی روک دیا گیا۔کمیٹی اجلاس میں مختلف بلز پر غور کیا گیا، تاہم اجلاس کی تفصیلات عام نہ کیے جانے پر شفافیت سے متعلق سوالات جنم لے رہے ہیں۔