بچوں کا جنسی استحصال، انسانی سمگلنگ پر اظہار تشویش
اسلام آباد(آن لائن)قومی اسمبلی کی انسانی حقوق کمیٹی نے ملک میں بچوں کے جنسی استحصال، منشیات کے استعمال اور بچوں سے بھیک مانگنے کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سمیت ڈی جی ایف آئی اے کو طلب کرلیا۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کا اجلاس سیدہ نوشین افتخار کی سربراہی میں منعقد ہوا ۔کمیٹی نے بچوں کے ساتھ جنسی استحصال، منشیات کے استعمال، بچوں کوبھیک مانگنے پر مجبور کرنے ، انسانی سمگلنگ اور یتیموں کے تحفظ کے حوالے سے صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ کمیٹی ارکان نے کہا متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے درمیان عدم ہم آہنگی کی وجہ سے گزشتہ عرصے میں حکومتی افسران نے ان سماجی برائیوں کو روکنے میں کوئی قابلِ ذکر کردار ادا نہیں کیا،پالیسیاں صرف کاغذوں تک محدود رہ گئی ہیں جبکہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔کمیٹی نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے فیصلہ کیا کہ اگلے اجلاس میں چیئرمین نادرا، آئی جی اسلام آباد اور ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو طلب کیا جائے تاکہ ان جرائم کو روکنے کے لیے ٹھوس اور موثر اقدامات کیے جا سکیں۔اجلاس میں وزارت انسانی حقوق اور اس سے منسلک اداروں کی مالی سال 2026-27 کے بجٹ تجاویز کی منظوری دی گئی ۔