باجوڑ:چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام،12خوارج ہلاک،دھما کے سے 11اہلکار اور ایک بچی شہید
بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد چیک پوسٹ کی سکیورٹی توڑنا چاہتے تھے ، فورسز کیساتھ جھڑپ میں جانی نقصان پر حملہ آوروں نے دھماکاخیز مواد سے بھری گاڑی ٹکرا دی دھماکے سے قریبی رہائشی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ، خواتین ،بچوں سمیت 7افراد زخمی :آئی ایس پی آر، دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کریں گے :صدر، وزیراعظم
راولپنڈی،اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، سٹاف رپورٹر،خصوصی رپورٹر،نامہ نگار،دنیا نیوز) باجوڑ میں سکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 12 خوارج کو ہلاک کردیا جبکہ دھماکے میں 11 اہلکار شہید ہوگئے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق 16 فروری کو ضلع باجوڑ میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج نے دہشت گردانہ حملہ کیا جس کے بعد سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ ہوئی جس میں 12 خوارج ہلاک ہوگئے ۔ حملہ آور چیک پوسٹ کی سکیورٹی توڑنا چاہتے تھے مگر منصوبہ ناکام بنا دیا گیا جس پر حملہ آوروں نے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی دیوار سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں 11 سکیورٹی اہلکار جام شہادت نوش کر گئے ۔
دھماکے کے باعث قریبی رہائشی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا جس کے نتیجے میں ایک کمسن بچی شہید جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے ۔ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے مزید خوارج کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ، جبکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداد دہشتگردی مہم پوری رفتار سے جاری رکھی جائے گی۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جوانوں اور شہریوں کی قربانیاں دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے مذمت کرتے ہوئے کہا عزم استحکام کے وژن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں ، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے ، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرینگے ۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی سکیورٹی فورسز کے شہید ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔