پنجاب حکومت :نئے جہاز کی مبینہ خریداری ، 10ارب مالیت
پنجاب ایئرلائن کی پہلی پرواز اپریل سے شروع کرنے کی تیاری : ذرائع کا دعویٰ
لاہور(اپنے نامہ نگارسے )پنجاب حکومت نے مبینہ طور پر نیا طیارہ خرید لیا ہے جس کی مالیت تقریباً 10 ارب روپے کے قریب ہے ۔ ذرائع کے مطابق گلف سٹریم جی 500 ماڈل طیارے کا رجسٹریشن نمبر این 144 ایس بتایا جا رہا ہے اور فی الوقت یہ امریکی رجسٹریشن پر ہے ، پاکستان میں تاحال رجسٹرڈ نہیں ہوا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پنجاب ایئرلائن کی پہلی پرواز اپریل سے شروع کرنے کی تیاری ہے ۔ ابتدائی مرحلے میں 7 جہاز حاصل کیے جا رہے ہیں اور پہلے دو سال صرف اندرونِ ملک پروازیں چلائی جائیں گی۔ منصوبے کے تحت دو سال بعد بین الاقوامی پروازوں کا آغاز بھی کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب ایئرلائن صوبے کی اپنی ایئرلائن ہوگی، جسے بتدریج ایک منافع بخش ادارے کے طور پر استوار کیا جائے گا۔ ذرائع یہ بھی دعویٰ کر رہے ہیں کہ وزیراعلیٰ کے لئے الگ خصوصی جہاز نہیں خریدا جائے گا بلکہ جو جہاز فلیٹ میں شامل ہوں گے وہ مسافروں اور وزیراعلیٰ دونوں کے استعمال میں آئیں گے ۔ موجودہ سرکاری ہیلی کاپٹر کو بھی پنجاب ایئرلائن کے آپریشن کا حصہ بنانے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ اسے بھی کمرشل بنیادوں پر استعمال کیا جا سکے ۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مقصد قومی خزانے پر اضافی بوجھ ڈالنا نہیں بلکہ موجودہ اور نئے اثاثوں کو منافع کے حصول کے لیے استعمال کرنا ہے ۔