بل جمع نہ کرانے پر لاہور کے 5 سرکاری کالجز کی بجلی منقطع
گورنمنٹ شاہ حسین کالج، 2 کامرس کالج شامل، تعلیمی سرگرمیاں متاثر فنڈز موصول ہونے پر فوری کالجز کو فراہم کر دیے جائیں گے : ڈائریکٹر کالجز
لاہور (عاطف پرویز سے )لاہور میں محکمہ ہائر ایجوکیشن کی مبینہ سستی کے باعث پانچ سرکاری کالجز کی بجلی منقطع کر دی گئی ہے ۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے عدم ادائیگی پر مختلف کالجز کے کنکشن کاٹ دیے ہیں، جس سے تعلیمی سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔متاثرہ اداروں میں گورنمنٹ شاہ حسین کالج، ٹاؤن شپ کامرس کالج اور گورنمنٹ گریجویٹ کالج آف کامرس راوی بلاک سمیت دیگر کالجز شامل ہیں۔ بجلی کی بندش ایسے وقت میں کی گئی ہے جب کالجز میں امتحانات جاری ہیں، جس کے باعث طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔
.ذرائع کا کہنا ہے کہ فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث متعلقہ کالجز گزشتہ دو ماہ سے بجلی کے بل ادا نہیں کر سکے ۔ تیسری سہ ماہی کے فنڈز بھی تاحال جاری نہیں کیے گئے ، حالانکہ یہ فنڈز 10 جنوری تک جاری ہونا تھے ۔ڈائریکٹر کالجز کے مطابق فنڈز کے اجرا کے لیے محکمہ ہائر ایجوکیشن کو باضابطہ درخواست بھجوا دی گئی ہے ۔ احسن مختار کا کہنا ہے کہ جیسے ہی فنڈز موصول ہوں گے ، فوری طور پر کالجز کو فراہم کر دیے جائیں گے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں معمول پر آ سکیں۔