روز ویلٹ ہوٹل کی ازسر نو تعمیر و ترقی کیلئے پاکستان اور امریکا میں معاہدہ
ممکنہ مالیت ایک ارب ڈالر سے زائد، منصوبہ مکمل ہونے پر عمارت کی تجارتی و معاشی افادیت میں نمایاں اضافہ متوقع
کراچی (رائٹرز)پاکستان نے امریکی حکومت کے ساتھ نیویارک کے تاریخی روزویلٹ ہوٹل کی مشترکہ ازسرِ نو تعمیر و ترقی کیلئے معاہدہ کر لیا ہے۔ دستاویزات اور دو باخبر ذرائع کے مطابق اس پیش رفت سے اسلام آباد کو اپنی اہم ترین بیرونِ ملک سرمایہ کاری کی قدر کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانے کا موقع ملے گا۔تقریباً ایک صدی قدیم یہ ہوٹل پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنزکی ملکیت ہے اور سنہ 2020 سے بند ہے ۔ یہ منصوبہ حکومت کے اُس اصلاحاتی پروگرام کا مرکزی حصہ ہے جو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی معاونت سے جاری ہے اور جس کا مقصد سرکاری اثاثوں کی تنظیمِ نو اور بہتر استعمال کو یقینی بنانا ہے۔
حکومتی اندازوں کے مطابق روزویلٹ ہوٹل کی ممکنہ مالیت ایک ارب ڈالر سے زائد ہو سکتی ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ مشترکہ ترقیاتی منصوبہ مکمل ہونے کے بعد اس تاریخی عمارت کی تجارتی اہمیت اور معاشی افادیت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے ۔پاکستان اور امریکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر جمعرات کے روز دستخط کیے گئے جبکہ وفاقی کابینہ نے اس عمل کی منظوری دی۔ کابینہ سمری کے مطابق وزیر اعظم نے تجویز کی منظوری دیتے ہوئے وزارتِ دفاع کو اختیار دیا کہ وہ امریکی جنرل سروسز ایڈمنسٹریشن کے ساتھ غیر پابند مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرے ۔ یہ اقدام دوطرفہ اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔ امریکی جنرل سروسز ایڈمنسٹریشن بنیادی طور پر امریکی سرکاری اداروں کے لیے وفاقی املاک اور خریداری کے امور سنبھالتی ہے۔ اس کے عوامی طور پر بیان کردہ دائرئہ کار میں عام طور پر غیر ملکی سرکاری اثاثوں کی تجارتی ترقی شامل نہیں ہوتی اور فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ ادارہ کس اختیار کے تحت اس منصوبے میں سہولت کاری کرے گا۔
پاکستانی وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق وزیرخزانہ محمد اورنگزیب اور امریکا کی طرف سے ایڈمنسٹریٹر ایڈورڈ سی فورسٹ نے مفاہمتی یادداشت دستخط کیے ۔اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف اور امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیووٹکوف بھی موجود تھے ۔ اعلامیے میں کہاگیا کہ پاکستان اورامریکا کے درمیان روزویلٹ ہوٹل کے آپریشن وترقی پر جامع فریم ورک طے ہوگیا ہے ۔ روزویلٹ ہوٹل منصوبہ پاک امریکا اقتصادی تعلقات میں نئی پیشرفت کا باعث ہوگا، ہوٹل کی اپ گریڈیشن پرپاک امریکا شفاف تعاون طے پایا، ایم اویوسے روزویلٹ ہوٹل منصوبے میں تکنیکی وتجارتی ہم آہنگی ممکن ہوگی ، روزویلٹ ہوٹل منصوبہ دونوں ممالک کی اقتصادی شراکت کو نئی سمت دے گا۔