مریم نواز سہولت بازار اتھارٹی آفس کا دورہ، کسٹمر لائیو کال، فیڈ بیک لیا
رمضان بازاروں میں ڈی سی ریٹ سے کم پراشیادے رہے :وزیراعلیٰ،صوبہ بھر میں سکیورٹی انتظامات مزیدسخت کرنیکا حکم سکولوں میں ٹیچرز ڈریس کوڈ ،سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کافیصلہ،ہرسکول کی حالت بہتربنانامیری ذمہ داری :وزیراعلیٰ
لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نوازشریف گزشتہ روز پنجاب سہولت بازار اتھارٹی آفس پہنچ گئیں اورصوبائی کنٹرول روم کا دورہ کیا،وزیراعلیٰ نے میاں پلازہ جوہر ٹاؤن رمضان بازار میں کسٹمر کو لائیو کال کرکے فیڈ بیک لیا،انہوں نے آلو، پیاز، ادرک اور پالک کے ریٹ دریافت کئے ۔مریم نواز نے رمضان بازاروں میں ریٹ لسٹ اور صفائی کا بھی مشاہدہ کیا ۔عمر نامی شہری نے وزیر اعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ رمضان بازاروں میں ہر چیز صاف ستھری اور سستی مل رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے صو بہ بھر میں قائم نگہبان رمضان سہولت بازاروں کے موثر مانیٹرنگ کے عمل کو سراہا۔بریفنگ میں بتایاگیاکہ رمضان بازاروں میں 1462 سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں ،عوام کی سہولت کے لئے 03080800222 ہیلپ لائن قائم کردی گئی ہے ، سہولت اوررمضان بازاروں میں اشیائے خورونوش ڈی سی ریٹ سے کم پرمہیا کی جارہی ہیں۔ قبل ازیں مریم نواز نے صوبہ بھر میں سکیورٹی کے اقدامات کو مزید سخت کرنے کی ہدایت کی ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کی جان و مال کی حفاظت کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔
بعداز اں مریم نوا ز کی زیرصدارت خصوصی اجلاس میں پنجاب میں سکول ٹیچرز کے لئے ڈریس کوڈ متعارف کرانے ،سکولوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے اور آؤٹ سورسنگ کے لئے سکول ایمپرورومنٹ کارڈ متعارف کرانے کا فیصلہ کیاگیا جبکہ سکولوں میں صفائی کے لئے ستھرا پنجاب کی سروسز حاصل کرنے پر اتفاق ہوا۔اجلاس میں پنجاب پبلک سکول ری آرگنائزیشن پروگرام کے تحت آؤٹ سورسنگ فیز فور کی منظوری دی گئی انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر سکول کی حالت بہتر بنانا میری ذمہ داری ہے ۔