سماجی و معاشی بہبود کے فروغ کیلئے پرعزم :صدر،وزیراعظم

 سماجی و معاشی بہبود کے فروغ کیلئے پرعزم :صدر،وزیراعظم

سماجی انصاف محض خواہش نہیں ، ہماری انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری :شہباز آئین استحصال کے خاتمے کا پابند کرتا:زرداری ، عالمی یومِ سماجی انصاف پر پیغام

 لاہور،اسلام آباد (سپیشل رپورٹر،این این آئی) صدر مملکت آصف علی زرداری اوروزیراعظم نے کہاہے کہ حکومتِ پاکستان سماجی اور معاشی بہبود کے فروغ کے لیے پرعزم ہے ،عالمی سطح پر سماجی انصاف تاحال ایک نامکمل مشن ہے ،بھارت کے غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے عوام منظم جبر اور معاشی محرومی ،فلسطین کے عوام طویل قبضے ، ناکہ بندی اور بنیادی حقوق کی پامالی کا سامنا کر رہے ہیں،انصاف میں پسند و ناپسند کی گنجائش نہیں ہوتی،عالمی برادری عالمی قانون کی پاسداری کرے ، اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے ۔عالمی یومِ سماجی انصاف کے موقع پر اپنے پیغام میں صدرمملکت نے کہاکہ عالمی یومِ سماجی انصاف کے موقع پر ہم آئین ِ پاکستان میں درج انصاف، مساوات اور انسانی وقار کے اصولوں سے متعلق اپنے عزم کی تجدید کرتے ہیں، آئین کے آرٹیکل 3، 37 اور 38 ریاست کو پابند کرتے ہیں کہ استحصال کا خاتمہ کرے ، برابری کو یقینی بنائے اور بالخصوص کمزور طبقات، تمام شہریوں کی فلاح و بہبود کو فروغ دے ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ سماجی انصاف محض ایک خواہش نہیں ، ہماری انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری ہے ،حکومت پر عزم ہے کہ معاشرتی اساس ایسی مثبت اقدار پر استوار کی جائیں جو حقوق کی عوامی آگاہی، انتظامی سطح پر اسکا مکمل ادراک اوراسکے نفاذ کو یقینی بنائیں۔ آج سماجی انصاف کے عالمی دن پر پاکستان اور عالمی برادری بھرپور انداز میں اس مثبت معاشرتی پہلو کے ساتھ اپنی وابستگی اور اسکے فروغ کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے ،پاکستان عالمی اعلامیہ برائے انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے معاہدوں کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے ساتھ ساتھ آئین پاکستان میں درج بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے بھی کوشاں ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں