ناقص نشانے بازی ضمانت کی بنیاد نہیں بن سکتی : اسلام آباد ہائیکورٹ

ناقص نشانے بازی ضمانت کی بنیاد نہیں بن سکتی : اسلام آباد ہائیکورٹ

ٹریگر دبا دیا اور نشانہ لگ جائے تو ملزم کا ارادہ واضح:درخواست ضمانت خارج ریکارڈ پر موجود مواد ملزم کو جرم سے جوڑنے کے لیے کافی:تحریری فیصلہ جاری

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے اقدامِ قتل کے ملزم کی ضمانت بعد از گرفتاری درخواست خارج کرتے ہوئے قرار دیا کہ ایک بار ٹریگر دبا دیا  جائے اور نشانہ لگ جائے تو ملزم کا ارادہ واضح ہو جاتا ہے ، ملزم اپنی ناقص نشانے بازی کو ضمانت کیلئے رعایت کی بنیاد نہیں بنا سکتا۔ جسٹس خادم حسین سومرو نے ملزم فواد عرف مانی کی ضمانت خارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ عدالت کا کہنا ہے کہ دستیاب شواہد اور جرم کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ملزم ضمانت کی رعایت کا حقدار نہیں، ملزم پر مدعی کی اہلیہ اور بیٹے پر فائرنگ کر کے انہیں زخمی کرنے کا الزام ہے۔

ریکارڈ کے مطابق مدعیہ شبانہ کے بیٹے کو تین گولیاں لگیں، دورانِ تفتیش ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال پستول بھی برآمد کر لیا گیا، زخمیوں کو پہلے ہسپتال منتقل کرنا قدرتی عمل ہے ، چند گھنٹوں کی تاخیر سے کیس پر کوئی فرق نہیں پڑتا، پولیس فائل کے مطابق ملزم فواد کے خلاف پہلے بھی چار دیگر مقدمات درج ہیں، ریکارڈ پر موجود مواد ملزم کو جرم سے جوڑنے کیلئے کافی ہے ۔ عدالت نے ٹرائل کورٹ کو ہدایت کی کہ یہ مشاہدات عارضی نوعیت کے ہیں، میرٹ پر فیصلہ کرتے وقت ان سے متاثر نہ ہو۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں