ممکنہ حملے میں امریکا ایرانی رہنماؤں کو براہ راست نشانہ بنائے گا: برطانوی خبر ایجنسی
لندن: (دنیا نیوز) برطانوی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران پر حملے میں امریکا ایرانی رہنماؤں کو براہ راست نشانہ بنائے گا۔
خبر ایجنسی کے مطابق لڑاکا طیاروں سے بھرا امریکا کا دوسرا بحرہ بیڑا جیرالڈ فورڈ بحیرہ روم میں داخل ہوگیا، جس کے بعد ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں، ادھر پرتگال میں بھی امریکی فضائی اڈوں پر لڑاکا طیاروں نے پوزیشن سنبھال لی ہے، جبکہ اردن کے ایئر بیس پر بھی کم از کم 60 لڑاکا طیارے کھڑے ہیں۔
برطانوی خبر ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ امریکی فوج ایرانی حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کرے گی، ادھر ایران بھی سفارت کاری اور جنگ دونوں کیلئے تیار بیٹھا ہے۔
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ عالمی طاقتیں ہمیں سر جھکانے پر مجبور کرنے کیلئے صف بندی کر رہی ہیں، ایران عالمی طاقتوں کے دباؤ کے سامنے سر نہیں جھکائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو معاہدے کیلئے 10 سے 15 روز کا الٹی میٹم دیا تھا۔