پنجاب: 24 گھنٹوں میں بارش اور آندھی سے حادثات میں 2 افراد جاں بحق، 18 زخمی

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں بارش اور آندھی سے مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق، اور 18 زخمی ہوگئے۔

ترجمان ریسکیو کے مطابق ساہیوال میں 2 مختلف واقعات میں دیواریں گرنے سے ایک خاتون اور بچہ زخمی ہوا، سرگودھا میں 2 مختلف واقعات میں چھتیں گرنے سے 55 سالہ عمر حیات جاں بحق ہو گیا جبکہ 4 افراد زخمی ہوئے۔

ترجمان ریسکیو نے مزید بتایا کہ چنیوٹ میں 2 مختلف چھتیں گرنے کے واقعات میں 40 سالہ خالدہ جان بحق اور 2 افراد زخمی ہوئے ، بھکرمیں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 1 شخص زخمی ہوا، جبکہ میانوالی میں موسلادھار بارش میں بس سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئ جس کے باعث 4 افراد زخمی ہوئے۔

ریسکیو کے مطابق فیصل آباد میں 2 چھتیں گرنے کے واقعات میں 3 افراد زخمی ہوئے، حافظ آباد میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 1 شخص زخمی ہوا جبکہ ملتان میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 1 شخص زخمی ہوا۔

شدید زخمیوں کو فوری طبی امداد دینے کے بعد قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں