ڈی آئی خان:خاتون خودکش حملہ آور رنگے ہاتھوں گرفتار
پشاور(این این آئی)محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی)خیبر پختونخوا ڈیرہ ریجن نے مصدقہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔۔۔
سی ٹی ڈی ڈیرہ اسماعیل خان نے بروقت کارروائی میں شیخ یوسف خیمہ بستی سے خاتون خودکش حملہ آور کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔رپورٹ کے مطابق محکمہ انسداد دہشتگری ڈیرہ اسماعیل خان ریجن کو خفیہ اداروں کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی کہ شیخ یوسف خیمہ بستی میں ایک جوان العمر خودکش حملہ آور خاتون موجود ہے ۔اطلاع پر سی ٹی ڈی سپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیمز نے چھاپہ مار کر متذکرہ مقام پر ایک جوان لڑکی کو پا کر پوچھ گچھ کی تو خاتون نے اپنا نام (ز)بتایا اور کہا کہ وہ عرصہ دراز سے خارجی کمانڈر شاہ ولی عرف طارق کوچی کی تربیت میں رہی، جو اب مر چکا ہے ۔مبینہ خاتون خودکش حملہ آور نے مزید بتایا کہ وہ کالعدم تنظیم کی رکن ہے اور اس نے حالیہ دنوں میں خودکش حملے کیلئے رضامندی ظاہر کی تھی جس کیلئے اسے خودکش جیکٹ اور ٹارگٹ خارجی کمانڈر عاصم نے فراہم کرنا تھی۔خاتون کے خیمے سے ایک کمانڈو بیگ بھی ملا جس میں پستول مع کارتوس،بارود کی بو کو اپنی خوشبو میں جذب کرنیوالی پرفیوم ، 2 موبائل فونز جن میں کالعدم تنظیم سے رابطے وغیرہ تھے ، پاور بینک اور دیگر سامان برآمد ہوا۔