پنجاب اسمبلی:اپوزیشن کی ریکوزیشن پر طلب اجلاس کورم کی نذر
عوامی فلاح کیلئے دو سال میں ریکارڈ قانون سازی کی:چیف وہپ رانا ارشد ’’ایئر پنجاب‘‘ منصوبے پر کافی پیش رفت ہو چکی :مجتبیٰ شجاع،کل پھر اجلاس
لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی کا اپوزیشن کی ریکوزیشن پر طلب کردہ اجلاس کورم پورا نہ ہونے کے باعث کل بروز بدھ صبح 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔ اجلاس پینل آف چیئرپرسن سمیع اللہ خان کی زیر صدارت دو گھنٹے 12 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ چیف وہپ رانا محمد ارشد نے کہا کہ اسمبلی نے دو سال میں ریکارڈ قانون سازی کر کے عوامی فلاح کیلئے نمایاں اقدامات کئے ہیں۔ ان کی تقریر کے فوراً بعد حکومتی رکن کرسٹوفر فیلبوس نے کورم کی نشاندہی کر دی۔ کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس ملتوی کردیاگیا۔بعد ازاں پریس کانفرنس میں وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ ‘‘ایئر پنجاب’’منصوبے پر کافی حد تک پیش رفت ہو چکی اور یہ ایک بہترین ایئر لائن ثابت ہوگی۔