پنجاب میں زیادہ غربت، حکمران عوام سے خوفزدہ :حافظ نعیم

پنجاب میں زیادہ غربت، حکمران عوام سے خوفزدہ :حافظ نعیم

صوبے میں دودھ اور شہد کی نہریں بہنے کاتاثردیاجاتا،عید کے بعد جدوجہد تیزکرینگے

لاہور(نیوزایجنسیاں )امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پنجاب میں سب سے زیادہ غربت ہے جبکہ تاثر دیا جاتا ہے کہ صوبہ میں دودھ اور شہد کی نہریں بہہ رہی ہیں۔ جمہوریت کے دعوے دار خاندان سیاسی پارٹیاں چلاتے ہیں ، مسلط حکمران مقامی حکومتوں کو بااختیار نہیں بناتے ، انہیں عوام کی طاقت سے خوف محسوس ہوتا ہے ،عید کے بعد عوام کے حقوق کی تحریک میں مزید تیزی لائیں گے ۔ ماڈل ٹاؤن میں جماعت اسلامی کے رہنما ملک شاہد اسلم کی افطار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایک کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں جبکہ حکمران طبقہ عیاشیوں میں مصروف ہے ۔ وزیراعلیٰ نے 11ارب روپے کا جہاز خریدا ہے ، اشتہارات میں کارکردگی کے دعوے کیے جاتے ہیں ، زمینی حقائق کا ان دعوؤں سے کوئی تعلق نہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ پنجاب سمیت پورے ملک میں ہر شعبے کے حالات خراب ہیں۔ حکمرانوں نے ایک سال میں آئی پی پیز کے مالکان کو دو ہزار ارب روپے دئیے ، پانچ سو ارب سے پورے ملک میں تعلیم مفت فراہم کی جاسکتی ہے ، فارم سینتالیس کے حکمران غیر مقبول بھی ہیں اور انہیں عوام کی کوئی پروا بھی نہیں ہے ۔ سیاسی جماعتیں نظرئیے کی بنیاد پر چلتی ہیں، شخصیات کے گرد گھومنے سے نہیں، پاکستان میں حالات بدلنے کے لیے حقیقی اور مخلص قیادت کی ضرورت ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں