کیچ :دہشت گردوں کا گھر پر حملہ ،6افراد قتل ،4زخمی

کیچ :دہشت گردوں کا گھر پر حملہ ،6افراد قتل ،4زخمی

محمدآباد میناز میں گھر پرراکٹ حملہ ،فائرنگ ،آگ لگادی گئی، دیواریں گرگئیں مرنیوالوں میں خاتون ،2بچے شامل ،ایک حملہ آور ہلاک،لوگوں نے لاش جلادی

کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل بلیدہ کے علاقے محمد آبادمیناز میں دہشت گردوں نے ایک گھر پر راکٹ حملہ کیااور فائرنگ کرکے ایک ہی خاندان  کے خواتین و بچوں سمیت 6 افراد کوقتل کردیاجبکہ 4 افراد شدید زخمی ہوئے، جس کے بعد حملہ آوروںنے گھر کو آگ لگادی ۔بتایاگیاہے کہ نامعلوم سمت سے آنے والے راکٹ نے ایک رہائشی مکان کو نشانہ بنایا اور اس کے فورا بعد فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں، دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ گھر کی دیواریں گر گئیں اور اندر موجود افراد ملبے تلے دب گئے ،مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کیں اور جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا،اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ سکیورٹی فورسز ذرائع کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے محمد آباد میناز میں عبدالحمید نامی شخص کے گھر کو نشانہ بنا یا ،فائرنگ اور راکٹوں کے حملے کے نتیجے میں فضیلہ نامی خاتون، دو بچے چنگیز، گل ماز اور دوافراد مسلم شاہ اور یوسف جاں بحق جبکہ عبدالغفار ، سارہ ، عائشہ اورعمر زخمی ہوگئے ۔ سکیورٹی فورسز کے مطابق دہشتگردوں نے گھر پر مارٹر گولے بھی فائر کئے جبکہ جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا جس کی لاش مقامی افراد نے نذر آتش کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں