2 جعلی ادویات کے بیچز مارکیٹ سے فوری واپس منگوانے کا حکم

2 جعلی ادویات کے بیچز مارکیٹ سے فوری واپس منگوانے کا حکم

ٹیبلٹ ڈی-جیسٹ 10 ملی گرام اور کیپسول گیبیکا 300 ملی گرام جعلی قرار انجکشن "Neudex"کے تین بیچز بھی مارکیٹ سے واپس منگوانے کا حکم

لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے )حکومتِ پنجاب کے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے ڈرگز کنٹرول ونگ نے دو معروف ادویات کے مخصوص بیچز کو جعلی قرار دیتے ہوئے فوری طور پر مارکیٹ سے واپس منگوانے کا حکم دے دیا ہے ۔ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری پنجاب کی رپورٹ کے مطابق یہ ادویات ڈرگز ایکٹ 1976 کی خلاف ورزی میں غیر معیاری اور جعلی پائی گئی ہیں۔ متعلقہ کمپنیوں اور ڈسٹری بیوٹرز کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق ٹیبلٹ ڈی-جیسٹ 10 ملی گرام، بیچ نمبر DGH007، جس کی میعاد اپریل 2027 تک ہے ، اور کیپسول گیبیکا 300 ملی گرام، بیچ نمبر 518C27، جس کی ایکسپائری جولائی 2027 ہے ، جعلی قرار دئیے گئے ہیں۔

حکام نے متعلقہ مینوفیکچررز اور ڈسٹری بیوٹرز کو ہدایت کی کہ فوری طور پر تمام سٹاک مارکیٹ سے واپس لے کر مکمل رپورٹ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کو جمع کروائیں۔ڈاکٹروں، فارمیسیوں اور ہسپتالوں کو بھی ان بیچز کی فروخت اور استعمال فوری طور پر روکنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے ۔ محکمہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، دوسری طرف محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب نے انجکشن "Neudex" کے تین بیچز کے فوری ری کال کا حکم جاری کیا ہے ۔ حکومتِ پنجاب کے ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگز کنٹرول (DDC)نے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری پنجاب کی رپورٹ کی بنیاد پر یہ پبلک نوٹس جاری کیا۔نوٹس کے مطابق مشہور دوا ساز کمپنی "Neutro Pharma" کے تیار کردہ انجکشن "Neudex" (Dexamethasone Sodium Phosphate) کو معیار پر پورا نہ اترنے اور ملاوٹ شدہ قرار دینے کے بعد فوری طور پر مارکیٹ سے واپس منگوانے کا حکم دیا گیا ہے ۔ الرٹ نمبر 23/2026 کے مطابق تین مخصوص بیچز DX054، DX055 اور DX056، جن کی میعاد ستمبر 2027 تک ہے ، غیر معیاری پائے گئے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں