ریاست ماں جیسی ہوتی،طلبہ کیلئے دل بڑاکرے :جسٹس آصف
اگرامیدوارپہلے دیگرفورمزپرجاتے توان کاقیمتی وقت ضائع ہوجاتا،ریمارکس سی ایس ایس امتحان میں شرکت سے محروم طلبہ کی درخواست پرفیصلہ محفوظ
اسلام آباد (اپنے نامہ نگارسے ) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محمد آصف نے سی ایس ایس امتحانات کے لاہور سنٹر میں طلبہ کو امتحان میں شرکت سے محروم کئے جانے کے خلاف دائر درخواست پر دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ۔ درخواست گزاروں کے وکیل منیر احمدنے مؤقف اختیار کیا کہ امیدواروں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ امتحان سے پچاس منٹ قبل سنٹر پہنچیں تاہم پچاس منٹ پہلے ہی گیٹ بند کر دئیے گئے ،وکیل منیر احمد نے کہا ریاست ماں جیسی ہوتی ہے ، یہ مناسب نہیں کہ محض پریس ریلیز میں کارروائی کا اعلان کر دیا جائے ۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا درخواست گزاروں کو براہِ راست ہائی کورٹ آنے کے بجائے پہلے دستیاب دو دیگر فورمز سے رجوع کرنا چاہیے تھا۔ جسٹس محمد آصف نے ریمارکس دیئے کہ اگر امیدوار پہلے دیگر فورمز پر جاتے اور پھر عدالت آتے تو ان کا قیمتی وقت ضائع ہو جاتا۔ انہوں نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سے مخاطب ہو کر کہا یہ سارے بچے ہیں، ان کو ریلیف دیں، آپ کو دل بڑا کرنا چاہیے ، سرکار و ریاست ماں جیسی ہوتی ہے ، طلبہ کا خیال رکھنا چاہیے ۔ بچوں کو آپ تعلیم دیں، سہولت دیں ۔ دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا جو بعد میں سنایا جائے گا۔