جنگ پھیل گئی، سنگین عالمی بحران : ایران، اسرائیل، خلیجی ممالک میں تباہی
ایرانی جوہری تنصیب کے قریب دھماکے ، قبرص میں برطانوی فضائی اڈہ بھی نشانہ ، آئل ٹینکروں پرحملے ،سعودی عرب میں تیل کی سب سے بڑی ریفائنری آرامکو نے کاروباری سرگرمیاں معطل کر دیں ،قطر نے ایل این جی کی پیداوار روک دی منامہ، دبئی، ابو ظہبی اور دوحہ لرز تے رہے ، حزب اللہ سربراہ نعیم قاسم کو نشانہ بنایا :اسرائیل ،بیروت اور جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملوں میں 52افراد جاں بحق، امریکی شہریوں کو فوری نکلنے کی ہدایت ،تہران میں چینی شہری ہلاک ، 3ہزار کا انخلا اپنی 6ہزار سال پرانی تہذیب کا دفاع کر رہے ، مذاکرات نہیں کرینگے :ایران ، جنگ چھ ہفتوں تک جاری رہ سکتی :امریکی وزیر دفاع ،اہداف حاصل کرنے میں وقت لگے گا،مزید امریکی جانی نقصان متوقع :جنرل ڈین کین
تہران ، واشنگٹن (نیوز ایجنسیاں )امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف شروع کی گئی جنگ پیر کے روز مشرقِ وسطیٰ اور اس سے باہر تک پھیل گئی ، لبنان کی تنظیم حزب اللہ بھی اس میں شامل ہو گئی اور قبرص میں ایک برطانوی فضائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے تہران پر ایک نئی وسیع کارروائی شروع کی ہے جبکہ خبر رساں ادارے کے نمائندوں نے ایرانی دارالحکومت میں امریکی اسرائیلی مشترکہ حملوں کے تیسرے دن زور دار دھماکوں کی آوازیں سنیں۔خلیجی بادشاہتوں نے جوابی کارروائی کی دھمکی دی، اسی دوران سعودی عرب کی ایک آئل ریفائنری میں آگ بھڑک اٹھی، قطر نے ایل این جی کی پیداوار روک دی، عمان کے قریب آئل ٹینکروں پر حملے ہوئے اور توانائی کی قیمتیں بڑھ گئیں۔
ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے پیر کے روز کہا کہ ان کے میزائل حملوں میں اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر اور اسرائیلی فضائیہ کے سربراہ کے ہیڈکوارٹر زکو نشانہ بنایا گیا۔فارس نیوز ایجنسی کی جانب سے جاری بیان میں پاسدارانِ انقلاب نے کہاکہ صہیونی ریاست کے مجرم وزیرِاعظم کے دفتر اور اس ریاست کے فضائیہ کمانڈر کے ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا، اس حملے میں خیبر میزائل استعمال کئے گئے ۔ادھر کویت میں امریکی سفارت خانے کے کمپلیکس سے سیاہ دھواں اٹھتا دیکھا گیا جبکہ ایران نے امریکا اور اسرائیل کی اس مہم کے جواب میں اپنے حملے جاری رکھے ۔ایرانی میڈیا نے خامنہ ای کی اہلیہ منصورہ کے بھی شہید ہونے کی تصدیق کر دی، اس سے قبل ایرانی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ وہ کوما میں ہیں۔ایرانی خبر رساں ویب سائٹس کے مطابق وسطی شہر اصفہان میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، یہ دھماکے ایک جوہری تنصیب اور فضائی اڈے کے علاقے سے سنائی دئیے ۔
ہلال احمر کا کہنا ہے کہ امریکی و اسرائیلی حملوں کے آغاز کے بعد سے اب تک ایران میں 555 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے کہا کہ ہم امریکہ کے ساتھ مذاکرات نہیں کریں گے ،چاہے کوئی بھی قیمت چکانی پڑے ،ایران امریکا کے برعکس ایک طویل جنگ کی تیاری کر رہا ہے ۔انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر ایک پیغام لکھا کہ گزشتہ تین سو سالوں میں ایران نے کوئی جنگ شروع نہیں کی اور ہماری بہادر مسلح افواج نے اپنے دفاع کے علاوہ کسی حملے میں حصہ نہیں لیا ۔ ہم اپنا اور اپنی 6000 سال پرانی تہذیب کا بھرپور طریقے سے دفاع کریں گے اور ہم دشمن کو ان کے غلط حساب کتاب پر پچھتاوا دلائیں گے ۔امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے ایران میں زمینی فوج بھیجنے کے امکان کو مسترد کرنے سے انکار کرتے ہوئے اشارہ دیا کہ ہفتے کے آخر میں شروع کی گئی جنگ چھ ہفتوں تک جاری رہ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن لامتناہی جنگ میں تبدیل نہیں ہوگا بلکہ مقصد ایران کے میزائل اور سکیورٹی ڈھانچے کو تباہ کرنا ہے ۔ ان کے مطابق ایران جیسے رجیم کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ یہ تاریخ کا سب سے مہلک، سب سے پیچیدہ اور سب سے درست فضائی آپریشن ہے ۔ ان کا کہنا تھا یہ کوئی نام نہادرجیم چینج کی جنگ نہیں ہے لیکن حکومت یقیناً بدل گئی ہے اور دنیا اس کے باعث زیادہ بہتر ہو گئی ہے ۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ڈین کین نے کہا کہ ایران میں فوجی اہداف حاصل کرنے میں وقت لگے گا اور مزید امریکی جانی نقصان متوقع ہے ۔انہوں نے کہاہم توقع کرتے ہیں کہ مزید نقصان ہوگا اور ہمیشہ کی طرح ہم کوشش کریں گے کہ امریکی نقصان کو کم سے کم رکھیں۔ اب تک چار امریکی فوجی ایران کے خلاف جاری جنگ میں ہلاک ہو چکے ہیں۔ سینٹ کام نے تصدیق کی کہ 3 امریکی ایف15 ای سٹرائیک ایگل لڑاکا طیارے کویت میں دوستانہ فائرنگ کے ایک واقعہ میں تباہ ہو گئے۔
بیان کے مطابق یہ واقعہ پیر کو پیش آیا جب آپریشن ایپک فیوری کے دوران ایرانی طیاروں، بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے حملوں کے دوران کویتی فضائی دفاع نے غلطی سے امریکی طیاروں کو نشانہ بنا دیا۔تمام چھ فضائی اہلکاروں نے بروقت ایجیکٹ کیا، انہیں بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ۔کویت میں امریکی سفارتخانے کے قریب دھواں اُٹھتے ہوئے دیکھا گیا ۔ بحرین کے دارالحکومت منامہ، دبئی، ابو ظہبی اور دوحہ میں پیر کی صبح بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ عراق کے اربیل ایئر پورٹ کے قریب کم از کم دو ڈرون حملوں کو ناکام بنایا گیاجبکہ دبئی میں لگاتار دو دھماکے اور جنگی طیاروں کے اڑنے کی آوازیں سنائی دیں۔ امریکہ اور اس کے چھ اتحادی خلیجی ممالک نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ خطے میں ایران کے اقدامات مشرقِ وسطیٰ میں استحکام کو خطرے میں ڈال رہے ہیں ۔
عربی زبان میں یہ بیان کویت، سعودی عرب، بحرین، قطر، اردن، متحدہ عرب امارات اور امریکا نے مشترکہ طور پر جاری کیاجبکہ امریکا نے شہریوں کو فوری طور پر لبنان چھوڑنے کی ہدایت کر دی۔اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے ایران کے نائب وزیرِ انٹیلی جنس برائے اسرائیلی امور سید یحیی حمیدی اور وزارتِ انٹیلی جنس کے جاسوسی ڈویژن کے سربراہ جلال پور حسین کو ہلاک کر دیا ہے ۔اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے دعویٰ کیا ہے کہ لبنان میں حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم اسرائیلی حملے کا نشانہ بنے ہیں۔ لبنان کی وزارت صحت کے مطابق بیروت اور جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملوں میں 52 افراد ہلاک اور 149 زخمی ہوئے ہیں۔اسرائیلی فوج نے لبنان کے 50 سے زائد سرحدی دیہات کے رہائشیوں کو فوری انخلا کا حکم دیا تھا ۔
سعودی عرب میں راس تنورہ آئل ریفائنری کے قریب ایرانی ڈرون حملے کے بعد آرامکو نے وہاں اپنی کاروباری سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔یہ سعودی عرب میں موجود سب سے بڑی ریفائنری ہے اور یومیہ ساڑھے پانچ لاکھ بیرل پراسیس کر سکتی ہے ۔ خلیج فارس میں واقع پلانٹ پیر کی صبح بند کیا گیا اور آرامکو کی جانب سے نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔حکام کا کہنا ہے کہ مقام پر آگ کو قابو کر لیا گیا ہے ۔قطر کا کہنا ہے کہ ایران کی طرف سے دو ڈرون حملے ہوئے ، متعلقہ حکام نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں،قطر انرجی نے پیر کے روز کہا کہ وہ راس لفان انڈسٹریل سٹی اور مسیعید انڈسٹریل سٹی میں اپنی تنصیبات پر فوجی حملوں کے باعث مائع قدرتی گیس کی پیداوار روک رہی ہے ۔کمپنی نے بیان میں کہاکہ قطر انرجی نے مائع قدرتی گیس (ایل این جی)اور اس سے منسلک مصنوعات کی پیداوار بند کر دی ہے۔
قبرص کے صدر نکوس کرسٹوڈولائیڈس کا کہنا ہے کہ جنوبی قبرص میں برطانوی فوجی اڈے پر ایرانی ڈرون حملہ کیا گیا،جس سے ایئر بیس کو معمولی نقصان پہنچا۔چین کی وزارتِ خارجہ نے تہران پر حملوں میں کم از کم ایک چینی شہری کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی اور کہا کہ3ہزار سے زیادہ چینی شہریوں کو ایران سے نکالا جا چکا ہے ۔جرمنی کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ان کا ملک ایران کے خلاف فوجی کارروائی میں حصہ نہیں لے گا تاہم وہ اردن اور عراق کے فوجی اڈوں پر اپنے فوجیوں کے دفاع پر غور کرے گا۔
بحرین کے حکام کے مطابق پیر کے روز ایک نامعلوم نوعیت کے پروجیکٹائل نے بحرین کی بندرگاہ پر ایک تیل کے ٹینکر کو نشانہ بنایا جس سے آگ بھڑک اٹھی لیکن بعد میں اسے بجھا دیا گیا۔جہاز کے مالک نے بتایا کہ اس حملے میں ایک عملے کا رکن ہلاک ہو گیا۔ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے ایک بیان میں کہا کہ تنازع کے آغاز سے ایرانی مسلح افواج کے بہادر فوجیوں نے 60 سٹریٹجک اہداف اور 500 امریکی وصہیونی ریاست (اسرائیل) کے اہداف پر حملے کیے ہیں۔"بیان میں مزید کہا گیا کہ حملوں میں 700 سے زیادہ ڈرونز اور سینکڑوں میزائل استعمال کیے گئے ۔ادھر قطر نے حملے کیلئے آنے والے ایران کے دولڑاکا طیارے مارگرانے کا دعویٰ بھی کیاہے ۔