حج پروازوں کا 18 اپریل کو آغاز، آئندہ ہفتے شیڈول کا اجرا

حج پروازوں کا 18 اپریل کو آغاز، آئندہ ہفتے شیڈول کا اجرا

468پروازوں کے ذریعے 1لاکھ 19ہزار سرکاری عازمین حجازِ مقدس جائینگے رواں سال آٹھ شہروں سے حج پروازیں آپریٹ، آخری 21مئی کو روانہ ہوگی

اسلام آباد (سید قیصر شاہ)پاکستان سے حج آپریشن آئندہ ماہ کے تیسرے ہفتے سے شروع ہوگا، پہلی حج پرواز 18اپریل کو پاکستان سے مدینہ منورہ اور آخری حج پرواز 21 مئی کو روانہ ہوگی۔ سرکاری حج سکیم کے تحت 468 پروازوں کے ذریعے عازمین کو حجازِ مقدس پہنچایا جائے گا، ذرائع کے مطابق عازمین کو آئندہ ہفتے ان کی متعلقہ پروازوں سے آگاہ کر دیا جائے گا، سرکاری سکیم کے تحت ایک لاکھ 19 ہزار عازمین کو مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ لے جایا جائے گا۔ سرکاری سکیم کے تحت 67 ہزار 230 مرد عازمین ، 51 ہزار 846 خواتین عازمین حجازِ مقدس جائیں گی۔

حج آپریشن کے پہلے روز کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور ملتان سے عازمین کو چار پروازوں کے ذریعے مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا، جدہ کے لیے چار مئی سے حج پروازوں کا آغاز ہو گا۔ عازمینِ حج کو حجازِ مقدس پہنچانے کا آپریشن 34 روز جاری رہے گا۔ پہلے 15 روز عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا۔ مدینہ منورہ 186 اور جدہ 282 پروازیں چلائی جائیں گی۔ پی آئی اے ، ایئر بلیو، ایئر سیال اور سعودی فضائی کمپنی حج آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ رواں سال آٹھ شہروں سے حج پروازیں چلائی جائیں گی۔ اسلام آباد سے 129، کراچی 124 اور لاہور سے 104، کوئٹہ سے 18، ملتان سے 34 اور سیالکوٹ سے 26، فیصل آباد سے 23 اور سکھر سے پانچ حج پروازیں جائیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں