آبنائے ہر مز کی بندش:متبادل راستے سے تیل کی سپلائی،سعودی عرب کی پاکستان کویقین دہانی
وزیر پٹرولیم کی سعودی سفیر سے ملاقات، آبنائے ہرمز کی بندش کے عالمی توانائی منڈیوں پر اثرات سے متعلق آ گاہ کیا امید ہے بندرگاہ ینبع سے سپلائی میں پاکستان کو ترجیح دینگے ، علی پرویز ملک، تعاون جاری رکھا جا ئیگا، نواف بن سعید المالکی
اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب نے آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث متبادل سپلائی روٹ سے پاکستان کو تیل فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے ، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات کی،موجودہ صورتحال اور آبنائے ہرمز کی بندش کے عالمی توانائی منڈیوں پر اثرات سے متعلق آگاہ کیا۔انہوں نے متبادل تیل سپلائی روٹ کے طور پرسعودی بندرگاہ ینبع کے استعمال کی درخواست کی ،ملاقات کے دوران سعودی عرب کی جانب سے مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی،علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان کی حمایت پر سعودی عرب کے شکرگزار ہیں اور امید ہے کہ بندرگاہ ینبع سے تیل کی سپلائی میں پاکستان کو ترجیح دی جائے گی۔سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے اس موقع پر کہا کہ کسی بھی ہنگامی ضرورت کے پیشِ نظر پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب آزمائش میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے ۔علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومتِ پاکستان عوام کے لیے توانائی کی سپلائی چین کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی بیشتر پٹرولیم سپلائی آبنائے ہرمز کے راستے آتی ہے اور ان حالات میں سعودی عرب جیسے برادر ممالک کی حمایت پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔