مشرق وسطیٰ کشیدگی:بھارتی معیشت ، ترسیلات زر خطرے میں

مشرق وسطیٰ کشیدگی:بھارتی معیشت ، ترسیلات زر خطرے میں

تیل قیمتیں درآمدات کے اخراجات بڑھا سکتیں، صنعتوں پر دباؤ بڑھ رہا

اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگی کشیدگی کے اثرات بھارتی معیشت پر بھی واضح ہونے لگے ہیں۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ توانائی کے بحران، ترسیلاتِ زر میں ممکنہ کمی اور بھارتی روپے پر بڑھتا دباؤ معیشت کو متاثر کر سکتا ہے ۔امریکی خبر رساں  ادارے سی این بی سی کی رپورٹ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی بھارت کے دو اہم معاشی ستون، توانائی کی فراہمی اور بیرونِ ملک مقیم بھارتیوں کی ترسیلاتِ زر، کے لیے خطرہ بن سکتی ہے ۔ خطے میں جنگی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے کا خدشہ ہے جس سے بھارت کے درآمدی اخراجات میں اضافہ ہو سکتا ہے ۔ماہرین کے مطابق تیل مہنگا ہونے سے نہ صرف توانائی کے شعبے پر دباؤ بڑھے گا بلکہ ایئر لائنز اور دیگر صنعتوں کے اخراجات میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے ۔ خلیجی ممالک اور مشرقِ وسطیٰ میں لاکھوں بھارتی تارکینِ وطن مقیم ہیں جو سالانہ تقریباً 50 ارب ڈالر ترسیلاتِ زر کے طور پر بھارت بھیجتے ہیں۔اگر خطے میں کشیدگی یا جنگ شدت اختیار کرتی ہے تو ترسیلاتِ زر میں کمی بھارتی معیشت کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہو سکتی ہے ۔ ماہرین نے کہا ہے کہ ترسیلات میں کمی اور تیل کی بڑھتی قیمتیں بھارت کی مالی پوزیشن کو کمزور کر سکتی ہیں جبکہ بھارتی روپے پر بھی دباؤ بڑھنے کا امکان ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں