مصنوعی قلت میں ملوث تیل کمپنی بھی بند کریں:وزیراعظم
کمیٹی بنانے کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات کی کمی پیدا نہیں ہوئی:شہباز شریف
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا پٹرول پمپ کے علاوہ کوئی آئل کمپنی بھی مصنوعی قلت پیدا کرنے یا ذخیرہ اندوزی میں ملوث پائی گئی ہوتو اسکو فوراً بند کیا جائے اور اسکا لائسنس منسوخ کرکے قانونی کارروائی کی جائے ۔وزیراعظم کی زیر صدارت حالیہ عالمی تناظر میں ملکی معاشی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہواجس میں عالمی سطح پر حالیہ کشیدگی اور اسکے خطے پر پڑنے والے معاشی اثرات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے معاشی ترقی، سادگی اور بچت پر مبنی لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت دی۔وزیرِ اعظم نے کشیدگی کی وجہ سے عالمی سطح پر موجودہ معاشی دباؤ کے پیش نظر سادگی و بچت پر مبنی لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں اس حوالے سے قابل عمل تجاویز پیش کی جائیں۔وزیرِ اعظم نے ہدایت دی کہ لائحہ عمل میں عوام پر نہ صرف بوجھ کم سے کم ہو بلکہ عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دی جائے۔
وزیرِ اعظم کو اس حوالے سے فعال کمیٹی نے بریفنگ دی، وزیر اعظم نے کہا گزشتہ ہفتے سے ہی حالیہ کشیدگی کے عالمی سطح پر معاشی اثرات کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی تھی جو اس حوالے سے لائحہ عمل پر کام کر رہی تھی جس کی وجہ سے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی کمی پیدا نہیں ہوئی۔بریفنگ کے مطابق گزشتہ روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ کمیٹی کی تجویز پر ہوا، جس میں عالمی سطح پر اضافے کا کم سے کم بوجھ صارفین پر منتقل کیا گیا۔وزیرِ اعظم نے کمیٹی کو مزید فعال طور پر کام کرنے اور جلد از جلد عوام کے لیے سہل اور قابل عمل سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی، وزیراعظم نے وزیر خزانہ اور وزیر پٹرولیم کو ہدایت کہ وہ چاروں صوبوں کا دورہ کریں اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پٹرولیم مصنوعات کی بچت اور ان کی عوام کو بلاتعطل فراہمی کے حوالے سے لائحہ عمل و منصوبہ بندی تیار کریں۔
دریں اثنا محکمہ توانائی پنجاب نے توانائی کی بچت کے لیے تجاویز حکومت کو پیش کردیں جن میں سرکاری اجلاس آن لائن اور ورک فرام ہوم کے ساتھ جامعات اور کالجز میں آن لائن کلاسز لینے کی تجاویز بھی دی گئیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سکولز اور اکیڈمیز میں ہائبرڈ نظام متعارف کروانے کی سفارش کی گئی، عوامی ٹرانسپورٹ کے استعمال کو بڑھانے اور اورنج لائن ٹرین ، میٹرو بس سروس کے اوقات بڑھانے کی تجویز دی گئی۔صوبے بھر میں رات 10 بجے کے بعد سٹریٹ لائٹس متبادل موڈ پر چلانے کی سفارش کی گئی، ہائی انٹینسٹی ایل ای ڈیز، بل بورڈز اور نیون سائنز بند کرنے کی تجویز کے ساتھ عمارتوں کی سجاوٹی لائٹس بند کرکے توانائی کی بچت کی سفارش کی گئی ہے۔