پاکستان سے مشرق وسطیٰ ممالک کیلئے مزید 122 پروازیں منسوخ
8 روز کے دوران منسوخ پروازوں کی تعداد 936 ہوگئی،مسافروں کو پریشانی دبئی سے لاہور، اسلام آباد اور کراچی کیلئے 4 مخصوص ریلیف پروازیں پہنچ چکیں
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا ایران جنگ کے تناظر میں پاکستان سے مشرق وسطیٰ ممالک کیلئے مزید 122پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔تفصیلات کے مطابق ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملے کے بعد سے جاری جنگ کے نتیجہ میں دبئی، ابو ظہبی، قطر، شارجہ، کویت، بحرین سمیت دیگر مشرق وسطیٰ ممالک کیلئے فلائٹ آپریشن بدستور شدید متاثر ہے، گزشتہ روز بھی کراچی ایئرپورٹ سے دبئی، ابو ظہبی ،قطر، شارجہ، کویت بحرین کی 38 پروازیں، اسلام آباد ایئر پورٹ سے 30 پروازیں ، لاہور ایئرپورٹ سے 20 پروازیں ،پشاور ،سیالکوٹ اور ملتان سے 10 ، 10 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ ان پروازوں میں ایمریٹس، اتحاد، ایئر عربیہ، پی آئی اے ، ایئر بلو، فلائی دبئی ،قطر ائیرسمیت دیگر ملکی اور غیرملکی ایئرلائنز شامل ہیں۔پاکستان سے 8 روز کے دوران مشرق وسطیٰ ملکوں کی منسوخ پروازوں کی تعداد 936 ہوگئی جس کے نتیجہ میں مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔ 28 فروری سے یو اے ای، قطر، بحرین، کویت، ایران کی فضائی حدود بند ہونے سے ائیرلائنز کی پروازیں منسوخ ہورہی ہیں۔دوسری جانب کراچی اور لاہور ائیرپورٹس پر گزشتہ تین روز کے دوران امارات ائیر اور فلائی دبئی کی 4 ریلیف پروازیں اترچکی ہیں۔ ان پروازوں کے ذریعے متحدہ عرب امارات میں محصور پاکستانیوِں کو وطن واپس پہنچایاگیا۔