عالمی یوم یتامیٰ پر ایوان صدر میں تقریب، بچوں میں تحائف تقسیم
یتیم بچوں کو سکالر شپ فراہم ، جدید تعلیم کے مواقع فراہم کرینگے ،صدرمملکت صدر کا ہاکی ٹیم کی کارکردگی پر اظہارمسرت ،عالمی یوم نسواں پر خواتین کوخراج تحسین پیش
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ،نیوزایجنسیاں ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یوم یتامیٰ پر پاکستان آرفن کیئر فورم کے زیرِ کفالت یتیم بچوں کے اعزاز میں ایوانِ صدر میں افطار ڈنر دیا ،ا س موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا یتیم بچوں کو کالجوں اور یونیورسٹیوں میں جدید تعلیم کے مواقع فراہم اور ان کے لیے سکالرشپ مختص کیے جائیں گے۔ صدرنے بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے معماروں سے مل کر خوشی ہوئی ۔ پاکستان آرفن کیئر فورم کے چیئرمین ایئر مارشل ریٹائرڈ فاروق حبیب اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں ۔ صدر نے اس موقع پر یتیم بچوں میں ٹیبلٹس و دیگر تحائف تقسیم کیے ۔دریں ثنا صدرِ مملکت نے قومی ہاکی ٹیم کے ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرنے پر مسرت کا اظہار کیا اور ہاکی اور فٹبال جیسے عوامی کھیلوں کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا ۔ علاوہ ازیں انہوں نے خواتین کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں پاکستان اور دنیا بھر کی خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوے کہا خواتین کی مکمل شمولیت کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔