آپریشن غضب للحق،افغان رجیم کارندوں کی ہلاکتیں583،پختونخوا میں13خوارج مارے گئے

آپریشن  غضب للحق،افغان رجیم کارندوں کی ہلاکتیں583،پختونخوا میں13خوارج  مارے  گئے

افغان طالبان کی 242 چیک پوسٹیں ،213 ٹینک، گاڑیاں اور آرٹلری گنز تباہ ، افغانستان میں 64 مقامات پر فضائی کارروائیاں خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا :آئی ایس پی آر،چمن سیکٹر پر 1دہشتگرد ہلاک،صدر، دیگر کا فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد،راولپنڈی،کوئٹہ (نیوز ایجنسیاں، دنیا نیوز)پاک فوج کا افغان طالبان رجیم کے خلاف آپریشن’’غضب للحق‘‘جاری، اب تک 583 افغان طالبان ہلاک، 795 سے زائد زخمی ہو چکے جبکہ 242 چیک پوسٹس تباہ اور 38 پوسٹس پر قبضہ کیا جا چکا۔ دوسری طرف پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 13 خوارج بھی ہلاک کردئیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے \\\"آپریشن غضب للحق\\\"کے حوالے سے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں افغان طالبان کو دفاعی اور جانی طور پر ناقابلِ تلافی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ، اب تک 583 افغان طالبان ہلاک ہو چکے ،زخمیوں کی تعداد 795 سے تجاوز کر گئی ،38 چیک پوسٹوں پر پہلے قبضہ کیا گیا اور بعد ازاں انہیں جڑ سے اکھاڑ دیا گیا۔ آپریشن کے دوران دشمن کے 213 ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اور توپیں ملبے کا ڈھیر بنا دی گئیں۔ پاک فضائیہ نے افغانستان میں دہشت گردوں کے 64 مختلف ٹھکانوں کو انتہائی مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس سے ان کا نیٹ ورک مفلوج ہو کر رہ گیا ۔ علاوہ ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 6 اور 7 مارچ کو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں آپریشنز کئے ،5 مختلف مقامات پر جھڑپوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 13 دہشتگرد ہلاک کر دئیے گئے ۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ضلع باجوڑ میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا گیا اورشدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 خوارج،بنوں ایک،ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درابن کے گاؤں گنڈی عاشق میں 2دہشتگرد ،ضلع خیبر اور جنوبی وزیرستان میں بھی 5 خوارج مارے گئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی سرپرست یافتہ خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ،افغانستان کی سرحد پر درپیش چیلنجز کے باوجود انسداد دہشت گردی کے آپریشنز جاری ہیں، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کیلئے پرعزم اور ثابت قدم ہیں ۔ علاوہ ازیں پاک فوج نے پاک افغان سرحد چمن سیکٹر پر فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی اورکارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک خارجی دہشت گرد ہلاک جبکہ دیگر زخمی حالت میں فرارہوگئے ۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے باڑ کاٹنے والے خوارج کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا،خارجی دہشت گردوں سے 4 سے 5 آئی ای ڈیز اور باڑ کاٹنے کا سامان بھی برآمد کر لیا گیا ۔ادھر صدر مملکت آصف علی زرداری ،وزیراعظم شہباز شریف ،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سپیکر قومی اسمبلی سردر ایاز صادق نے خیبر پختونخوا میں 13 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر بیانات میں سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں ملک کے امن کیلئے نہایت اہم ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے ، ہم ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی ،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ سرحدوں کی حفاظت اور ملک کے دفاع کیلئے پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کی قربانیاں پوری قوم کیلئے باعث فخر ہیں ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں