خواتین ترقی یافتہ ،متوازن معاشرے کی بنیاد ، فیصل کریم کنڈی
پی پی نے ہمیشہ خواتین کے حقوق، وقار مساوات کیلئے عملی اقدامات کئے خواتین کی تعلیم، معاشی خودمختاری سماجی تحفظ ہماری ترجیحات ، گورنر پختونخوا
پشاور (این این آئی)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا ایک مہذب، ترقی یافتہ اور متوازن معاشرے کی بنیاد ہے ،پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین کے حقوق، وقار اور مساوات کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں اس حوالے سے پارٹی کی تاریخ قابلِ فخر ہے ،بیان میں گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے خواتین کو طاقتور، باصلاحیت اور خود مختار بنانے کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ، خصوصاً سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید نے پاکستانی خواتین کو سیاسی، سماجی اور معاشی میدان میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے انقلابی اقدامات کیے ۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بلاول شہید والدہ کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے خواتین کی تعلیم، معاشی خودمختاری اور سماجی تحفظ کو اپنی سیاسی ترجیحات میں شامل کئے ہوئے ہیں ۔