پٹرول مزید مہنگا نہ کرنیکا فیصلہ،جتنا ہوسکا عوام کو ریلیف دینگے:شہباز شریف
خام تیل کی ملکی ضروریات کیلئے مناسب مقدار میسر ، زائد قیمت وصولی کی روک تھام یقینی بنا ئی جارہی خطے میں کشیدگی سے عالمی معیشت دباؤ میں، پاکستان پر گہرے اثرات مرتب ہونے کا خدشہ:وزیراعظم
اسلام آباد(نامہ نگار)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے عالمی منڈی میں تیل کی مزید قیمتیں بڑھنے کے باوجود عوام سے کئے گئے وعدے کے مطابق پٹرول مزید مہنگا نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ عام آدمی پر بوجھ کم کرنے کے لیے قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا۔اپنے وعدے کے مطابق جس قدر ہو سکا، ان مشکل حالات میں عوام تک ریلیف پہنچائیں گے ۔خطے میں کشیدگی کی وجہ سے عالمی معیشت اس وقت دباؤ میں ہے جس کے پاکستان کی معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے ۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ بروقت پالیسی سازی، حکومت کی جانب سے بچت کے اقدامات اور مالی نظم و ضبط کی بدولت اس صورتحال سے احسن طور سے انسانی حد تک نمٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔بطور خادم پاکستان ان مشکل حالات میں غریب آدمی پر بوجھ کم کرنے کیلئے اس ملک کی اشرافیہ اور حکومت سے شروعات کا عزم کیا۔وفاقی حکومت میں بچت اقدامات کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتیں بھی ان اقدامات میں وفاقی حکومت کا بھرپور ساتھ دے رہی ہیں جو خوش آئند ہے ۔انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے سفارتی اور معاشی ٹیم کی کوششوں کی بدولت خام تیل کی ملکی ضرویات کیلئے مناسب مقدار میسر ہے ۔وفاقی و صوبائی حکومتیں مل کر کسی کو بھی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قیمت سے زائد قیمت کی وصولی کی روک تھام یقینی بنا رہی ہیں۔دعا گو ہیں کہ عالمی سطح پر حالات بہتر ہوں اور عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام آئے ۔