فلم ، ٹی وی کے نامور اداکار شجاعت ہاشمی انتقال کر گئے

 فلم ، ٹی وی کے نامور اداکار شجاعت ہاشمی انتقال کر گئے

مشہور فلموں میں خاک اور خون ،سوہرا تے جوائی،دوستانہ وغیرہ شامل صدر آصف زرداری ، وزیر اطلاعات پنجاب عظمی ٰ بخاری کا اظہار تعزیت

لاہور ،اسلام آباد(اے پی پی،این این آئی،سٹاف رپورٹر)فلم و ٹی وی کے نامور اداکار شجاعت ہاشمی لاہور میں انتقال کر گئے ۔ وہ کچھ عرصے سے علیل اور مقامی ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔خاندانی ذرائع کے مطابق شجاعت ہاشمی کو دل کادورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ڈرامہ سیریل ‘‘وارث ’’میں مولاداد کے کردار نے شجاعت ہاشمی کو گھر گھر مقبول بنا یا،شجاعت ہاشمی نے ٹی وی کے ساتھ ساتھ فلموں میں بھی اداکاری کے جوہردکھائے ،ان کی مشہور فلموں میں خاک اور خون ،سوہرا تے جوائی،دوستانہ،راکا اور بابل دیاں گلیاں شامل تھیں ۔ مرحوم نے انگریزی ادب میں ایم اے کررکھا تھا اورحکومت پاکستان نے ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں انہیں پرائیِڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا تھا۔

شجاعت ہاشمی کے انتقال کی خبر سن کر شوبز حلقوں اور ان کے مداحوں میں گہرے رنج و غم کی فضا پائی جا رہی ہے ۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شجاعت ہاشمی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کی فنی خدمات تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔ انہوں نے شجاعت ہاشمی کو ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی کے سنہری دور کے نمایاں فنکاروں میں شمار کرتے ہوئے ان کی فنی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کے لئے صبرِ جمیل کی دعا کی ۔علاوہ ازیں وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے سینئر اداکار شجاعت ہاشمی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔اپنے تعزیتی بیان میں عظمی ٰبخاری نے مرحوم کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شجاعت ہاشمی کی فن و ثقافت کے شعبے کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ شجاعت ہاشمی ایک باصلاحیت اور منجھے ہوئے اداکار تھے جنہوں نے اپنی شاندار اداکاری کے ذریعے انڈسٹری میں ایک منفرد مقام حاصل کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں