افغان رجیم کی خواتین دشمن پالیسیاں، عالمی سطح پر تشویش

افغان رجیم کی خواتین دشمن پالیسیاں، عالمی سطح پر تشویش

یو این میں40ممالک کی افغانستان میں خواتین پر عائد پابندیوں کی مذمت خواتین کو انصاف تک رسائی میں چار گنا زیادہ مشکلات کا سامنا ہے ، یوناما

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)افغان طالبان رجیم کی خواتین دشمن پا لیسیوں پر عالمی سطح پر تشویش بڑھتی جا رہی ہے جبکہ مختلف ممالک اور انسانی حقوق کے حلقوں کی جانب سے افغان طالبان حکومت کی پالیسیوں پر تنقید میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے ۔افغان میڈیا اداروں ہشت صبح اور خامہ پریس کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں تقریباً 40 ممالک نے ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے افغانستان میں خواتین پر عائد پابندیوں کی شدید مذمت کی ، بیان میں کہا گیا کہ افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کی منظم خلاف ورزیاں جاری ہیں اور اس مسئلے پر عالمی توجہ مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ، لڑکیوں کی تعلیم اور خواتین کے کام کرنے پر پابندیاں افغانستان کی معیشت اور سماجی استحکام کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہیں۔افغان میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے معاون مشن برائے افغانستان (یوناما)کی ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ افغانستان میں خواتین کو انصاف تک رسائی حاصل کرنے میں مردوں کے مقابلے میں تقریبا ًچار گنا زیادہ مشکلات کا سامنا ہے ۔سفارتکاروں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے افغان حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ خواتین اور لڑکیوں کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے موجودہ پالیسیوں پر نظرثانی کی جائے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں