مشرقِ وسطیٰ صورتحال:پاکستان بھر سے مزید 80پروازیں منسوخ
کراچی سے 26،اسلام آباد اور لاہور سے 18،18پروازیں اڑان نہ بھر سکیں
کراچی(آئی این پی )مشرقِ وسطی میں جاری کشیدگی اور فضائی حدود کے مسائل کے باعث پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس سے اتوار کو مزید 80 بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ گزشتہ 16 دنوں کے دوران مشرقِ وسطیٰ کیلئے مجموعی طور پر منسوخ ہونے والی پروازوں کی تعداد 1590 تک پہنچ گئی ۔گزشتہ روز کراچی ایئرپورٹ سے دوحہ، کویت اور بحرین سمیت مشرقِ وسطی ٰکے مختلف شہروں کیلئے 26 پروازیں ،اسلام آباد ایئرپورٹ سے 18 پروازیں اور لاہور ایئرپورٹ سے بھی مختلف ممالک کی 18 پروازیں منسوخ کر دی گئیں، اس کے علاوہ پشاور ایئرپورٹ سے 14 جبکہ ملتان سے مشرقِ وسطیٰ کیلئے 4 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ایئرپورٹ حکام کے مطابق سیالکوٹ اور فیصل آباد ایئرپورٹس سے بین الاقوامی پروازوں کا آپریشن فی الحال معمول کے مطابق جاری ہے ۔ پروازوں کی بڑے پیمانے پر منسوخی کے باعث ہزاروں مسافر ایئرپورٹس پر پھنس گئے اور ایئر لائنز کی جانب سے متبادل انتظامات کیے جا رہے ہیں۔