ایران نت نئے میزائل سامنے لا رہا ہے : راشد نقوی
امریکا اور اسرائیل پریشان ، کیا سوچا تھا، یہاں سے کیا جواب مل رہا ہے عوام ایران کی دوسری طاقت :پروگرام ’’دنیا مہر بخاری کیساتھ ‘‘میں گفتگو
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تجزیہ کار ڈاکٹرراشد نقوی نے کہا ہے کہ ایران میں ایک نظام ہے اس نظام کے تحت جو سپریم لیڈر شہید ہوتے ہیں اس کے ساتھ پوری ملٹری لیڈر شپ شہید ہوجاتی ہے لیکن اس کے باوجود ایک گھنٹہ کے اندر ا سرائیل کو بڑا زبردست جواب جاتا ہے ،ایسا حملہ ہوتا ہے کہ امریکا اور اسرائیل خود پریشان ہوجاتے ہیں،ہم نے کیا سوچا تھا، یہاں سے ہمیں کیا جواب مل رہا ہے ، یہ نظام بھرپور طریقے سے چل رہا ہے ،دنیا نیوز کے پروگرام دنیا مہر بخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرراشد نقوی نے کہا ایرانی عوام میدان میں کھڑی ہے ،عوام اور حکومت ایک پیچ پر ہیں،ایران کے پاس اس وقت جو بڑی قوتیں ہیں ،ایران نے نئے میزائل پہلی بار اسرائیل پر داغے ہیں۔
اس کا مطلب ہے کہ ان کے پاس بہت سے میزائل موجود ہیں،ایران نت نئے میزائل سامنے لا رہا ہے ،ایران کے پاس جو دوسری بڑی طاقت ہے وہ ہے عوام۔ عوام اپنی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے ،اب دیکھنا یہ ہے کہ عالم اسلام کہاں کھڑا ہے ، ہمسایہ ممالک کہاں کھڑے ہیں ،ہیومن رائٹس والے اور عالمی ادارے کہاں کھڑے ہیں ؟ ، ایران نے جنگ سے پہلے مشرق وسطیٰ کے ممالک کو کہا تھا کہ ہمارے خلاف اپنی سرزمین کو استعمال نہ ہونے دو،اس وقت کئی ممالک نے کہا تھااپنی سرزمین کو ایران کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دینگے ،لیکن ہم نے دیکھا سب سے زیادہ خطرناک حملے یہاں سے ہورہے ہیں،ایران نے پہلے ہی عرب ممالک کو کہہ دیا تھا کہ اس خطے میں جہاں بھی امریکا کے مفادات ہو ں گے ، ہم اس کو نقصان پہنچائیں گے ، جس طرح قطر نے آواز اٹھائی ہے ، باقی ممالک کو بھی آواز اٹھانی چاہیے ۔