دریائے سندھ پر سکھرروہڑی کو ملانے کیلئے نیاپل تعمیرکرنے کی منظوری
کراچی(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 51 ویں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی)پالیسی بورڈ اجلاس میں دریائے سندھ پر نئے پل کی تعمیر کی منظوری دے دی۔۔۔
جو سکھر، روہڑی اور ملحقہ علاقوں کے درمیان نیا رابطہ فراہم کرے گا اور موجودہ راستوں پر ٹریفک کا دباؤ کم کرے گا۔ وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں وزیراعلیٰ نے اہم انفرااسٹرکچر منصوبوں اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے کلیدی اصلاحات کی بھی منظوری دی۔ صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے بریفنگ میں بتایا کہ فی الحال سکھر، روہڑی اور ملحقہ علاقوں کے درمیان مرکزی گزرگاہ لینس ڈاؤن پل ہے ، جبکہ سکھر بیراج بھی معاونت کرتا ہے ، تاہم مرمت کے باعث سکھر بیراج کم از کم 2027ء تک عوامی آمدورفت کے لیے بند رہے گا۔