2025 میں 8149 مسافر وں کو باہر جانے سے روکا گیا

 2025 میں 8149 مسافر وں کو باہر جانے سے روکا گیا

6833 مسافر بلیک لسٹ یا پاسپورٹ کنٹرول فہرست کی بنیاد پر روکے گئے

اسلام آباد (عدیل وڑائچ)فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (FIA)کے امیگریشن شعبے نے سال 2025 کے دوران ملک کے مختلف ہوائی اڈوں پر کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 8149 مسافروں کو روکا جو مختلف پابندی فہرستوں میں شامل تھے۔ ایف آئی اے کے مطابق یہ فہرستیں ایک جامع نظام کا حصہ ہیں جنہیں ایف آئی اے ، محکمہ امیگریشن و پاسپورٹ اور وزارت داخلہ و انسداد منشیات برقرار رکھتے ہیں جن میں بلیک لسٹ، ایگزٹ کنٹرول لسٹ اور عارضی قومی شناختی فہرست شامل ہیں۔

حکام کے مطابق افراد کو ان فہرستوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سفارش یا عدالتی احکامات کی بنیاد پر شامل کیا جاتا ہے خصوصاً جب وہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہوں یا ان کی بیرون ملک روانگی محدود کرنا مقصود ہو۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ سب سے زیادہ 6833 افراد بلیک لسٹ یا پاسپورٹ کنٹرول فہرست کی بنیاد پر روکے گئے ، جبکہ 269 گمشدہ پاسپورٹ، 116 ایگزٹ کنٹرول لسٹ، 828 عارضی قومی شناختی فہرست، 88 انٹرپول ریڈ نوٹس اور 15 چوری شدہ پاسپورٹس کے معاملات میں کارروائیاں عمل میں آئیں۔ایف آئی اے کے مطابق تمام افراد کو ابتدائی کارروائی کے بعد متعلقہ اداروں کے حوالے کر دیا گیا تاکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں