امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملے، تہران میں 12 افراد شہید، 28 زخمی
تہران: (دنیا نیوز) امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، تہران پر تازہ حملوں میں 12 افراد شہید جبکہ 28 زخمی ہوگئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق حملے بوشہر ایٹمی پلانٹ پر بمباری کی گئی، حملے میں کوئی تکنیکی یا جانی نقصان نہیں ہوا۔
آئی اے ای اے کا کہنا ہے کہ ایران نے ایٹمی پاور پلانٹ کی حدود میں بمباری کو بتایا، حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پلانٹ معمول کے مطابق کام کر رہا ہے، جنگ کے آغاز سے اب تک 215 شہروں کو نشانہ بنایا گیا ہے، 83 ہزار سے زائد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے، 281 طبی مراکز بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ہلال احمر کے 17 مراکز اور 94 ایمبولینسز بھی تباہ ہو چکے ہیں، جنگ سے تعلیم کا شعبہ شدید متاثر ہے، سکولوں اور تعلیمی اداروں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ایران میں شہادتوں کی مجموعی تعداد 1500 سے تجاوز کر گئی ہے، شہداء میں 243 طلبہ اور اساتذہ شامل ہیں۔
لبنان میں حملے، 24 گھنٹے میں مزید 31 افراد شہید
اسرائیل کے لبنان میں وحشیانہ حملے جاری ہیں، 24 گھنٹے میں مزید 31 افراد شہید ہوگئے۔
صیہونی حملوں میں شہدا کی تعداد ایک ہزار 72 ہوگئی، دو ہزار 966 افراد زخمی ہو چکے، اسرائیلی حملے میں تائر میں مسجد کا مینار شہید ہوگیا، شہریوں کو علاقہ خالی کرنے کا حکم دے دیا گیا، حزب اللہ کی صیہونی فورسز سے جھڑپیں ہوئیں، بھاری نقصان پہنچایا۔
اسرائیل نے بیروت میں قدس فورس کے رہنما محمد علی کو شہید کرنے کا دعویٰ کر دیا، اسرائیل نے جنوبی لبنان کے بڑے حصے پر قبضے کا منصوبہ بنا لیا۔
اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا ہے سرحد سے تیس کلومیٹر اندر دریائے لیطانی تک سکیورٹی زون قائم کیا جائے گا، لبنانی صدر کا کہنا ہے اسرائیل جنوبی لبنان کے علاقوں کا قبضہ چھوڑ دے تو جنگ سے بچا جاسکتا ہے، اسرائیل 2024 کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے۔
ایران اور لبنان میں کارروائیاں مذاکرات کے باوجود برقرار ہیں، اسرائیلی فوج
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران اور لبنان میں کارروائیوں کے منصوبے کسی بھی مذاکرات کے باوجود برقرار ہیں، ایران اور لبنان میں غیر بدلنے والے منصوبے کے تحت کارروائی کر رہے ہیں، چاہے جنگ ختم کرنے کیلئے کسی بھی قسم کی بات چیت کی جا رہی ہو۔
اسرائیلی فوجی ترجمان نے کہا کہ چاہے یہ یا وہ معاہدہ ہو، ہم اس وقت غیر بدلنے والے منصوبے کے مطابق کارروائی کر رہے ہیں، ہم کارروائی کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے تاکہ نقصان کو بڑھایا جا سکے اور وجودی خطرات کو ختم کیا جا سکے۔
اسرائیل اس ہفتے کسی بھی ممکنہ مذاکرات کا حصہ نہیں، اسرائیلی سفیر
اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر نے کہا ہے کہ اسرائیل اس ہفتے متوقع امریکا اور ایران کے درمیان کسی بھی ممکنہ مذاکرات کا حصہ نہیں ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل ایران میں فوجی اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں اور یہ کارروائیاں جاری رہیں گی، دونوں ممالک کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں نے بہت کچھ حاصل کیا ہے، تاہم ابھی تمام مقاصد حاصل نہیں ہوئے۔