وزیراعظم نے پروکیورمنٹ کو مکمل EPADSپر منتقلی کا حکم دیدیا
سرکاری اداروں، نادرا اور آڈٹ ڈیٹا کو ایک دوسرے سے منسلک کیا جائے گا وفاق میں ای پیڈس جون 2027 ،صوبوں میں دسمبر 2028 تک نافذ کرنا ہو گا
اسلام آباد (نیوز رپورٹر ) وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزارتوں، ڈویژنون اور حکومتی ملکیتی اداروں کی پروکیورمنٹ کو مکمل طور پر ای پیڈس(EPADS) سسٹم پر منتقل کرنے کے احکامات دئیے ہیں، وزیراعظم نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کو وفاقی و صوبائی خریداری نظام کو ڈیجیٹلائزیشن کرنے اور نادرا ،ایس ای سی پی ،ایف بی آر، سٹیٹ بینک سمیت متعلقہ اداروں سے منسلک کرنے کے احکامات دئیے ہیں، وزیراعظم نے حکومتی و سرکاری خریداری کے مینوئل طریقے کار ختم کرنے کے احکامات دئیے ہیں، منصوبے کے تحت وفاقی اور صوبوں میں حکومتی و سرکاری خریداری کے لئے ای پی اے ڈی ایس (EPADS) سسٹم کو مکمل طور پر نافذ کیا جائے گا۔
مذکورہ نظام کے تحت سرکاری اداروں، ٹیکس کے محکموں، نادرا اور آڈٹ کے ڈیٹا کو ایک دوسرے سے منسلک کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے وفاقی وزارتوں، ڈویژنوں ، محکموں اور حکومتی ملکیتی اداروں میں ای پیڈس نظام کو جون 2027 تک جبکہ صوبوں میں دسمبر 2028 تک مکمل طور پر نافذ کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے ، وزیراعظم نے وفاق اور صوبوں میں حکومتی و سرکاری خریداری کے لئے موجودہ مینوئل ٹینڈر طریقہ کار ختم کرکے مکمل طور پر ای ٹینڈرنگ نظام نافذ کرنے کا ہدف دیا، ای ٹینڈرنگ کے ذریعے سرکاری و حکومتی ٹینڈرجاری کیا جائے گا اور کمپنیاں ای ٹینڈرنگ کے تحت اپنی بولیاں جمع کرائیں گی جس کے بعد الیکٹرنک طریقہ کار کے مطابق ٹینڈر ایوارڈ کیے جائیں گے ۔