پنجاب میں چینی باشندوں کیلئے دوستانہ ماحول :قونصل جنرل
امن و امان کے قیام کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب کا کردارقابل تعریف ہے :سن یان محکمہ داخلہ پنجاب کا دورہ ،سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے ملاقات کی
لاہور (اے پی پی)چینی قونصل جنرل سن یان نے محکمہ داخلہ پنجاب کا دورہ کیا اور سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پنجاب میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور چینی باشندوں کے سکیورٹی انتظامات بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔چینی قونصل جنرل نے اس موقع پر کہا کہ لاہور تاریخی اہمیت کا شہر ہے اور یہاں آ کر خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ چین اور پاکستان روایتی برادرانہ تعلقات کے حامل ہیں۔پنجاب میں سی پیک کے بیشتر منصوبوں پر کام کر رہے ہیں اور پنجاب میں چینی باشندوں کیلئے دوستانہ ماحول ہے۔
امن و امان کے قیام کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب کا کردارقابل تعریف ہے ۔اس سے قبل سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے چینی قونصل جنرل کو محکمہ داخلہ آمد پر خوش آمدید کہا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں موجود تمام چینی باشندوں کی حفاظت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے ۔سیکرٹری داخلہ نے چینی قونصل جنرل سن یان سے کہا کہ امید ہے ان کا لاہور میں قیام پاکستان اور چین کے تاریخی تعلقات کو نئی جہت اور مضبوطی دیگا۔ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے بتایا کہ پنجاب کے تمام انڈسٹریل زونز میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔چینی شہریوں اور حکومتی ذمہ داروں کیلئے ہمارے دفاتر ہمیشہ کھلے ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر سیکرٹری داخلہ نے چینی قونصل جنرل کو یادگاری تحائف پیش کیے ۔