خیرپور میں سہتو 1 کنویں سے قدرتی گیس دریافت
ڈرل سٹیم ٹیسٹنگ کے ذریعے یومیہ 17.2 ملین کیوبک فٹ گیس حاصل
اسلام آباد (نامہ نگار)او جی ڈی سی نے سندھ کے ضلع خیرپور میں واقع کھواری ایکسپلوریشن لائسنس کے تحت سہتو-1 ایکسپلورٹری کنویں سے گیس کی اہم دریافت کا اعلان کیا ہے ۔ وائر لائن لاگز کی تشریح کے نتائج کی بنیاد پر لوئر گورو فارمیشن (میسوِو سینڈ) کی ریتلی تہوں کو ڈرل سٹیم ٹیسٹنگ کے ذریعے جانچا گیا جس سے 17.2 ملین سٹینڈرڈ کیوبک فٹ یومیہ گیس حاصل ہوئی۔
کنویں پر 32/64 انچ چوک سائز کے ساتھ 3390 پاؤنڈ فی مربع انچ کا ویل ہیڈ فلوئنگ پریشر ریکارڈ کیا گیا جو زیرِ زمین ذخیرے کی مضبوط صلاحیت کی نشاندہی کرتا ہے ۔واضح رہے کہ او جی ڈی سی اس کنویں کی آپریٹر کے طور پر 95 فیصد حصہ رکھتی ہے جبکہ گورنمنٹ ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کا حصہ 5 فیصد ہے ۔ کنویں کی کھدائی 24 دسمبر 2025 کو شروع کی گئی تھی اور کمپنی کی تکنیکی مہارت کے تحت سمبر فارمیشن میں 3870 میٹر (ٹی وی ڈی) کی گہرائی تک مکمل کی گئی۔ دریافت سے مقامی توانائی کے وسائل میں اضافہ ، درآمدی ایندھن پر انحصار کم اور قومی معیشت کو استحکام حاصل ہوگا۔