تہران میں پاکستانی سفارتخانے کے اطراف شدید بمباری
اسرائیل کی طرف سے بمباری میں پاکستانی سفارتخانے کا عملہ محفوظ رہا سفارتخانے اور سفیر کی رہائشگاہ کو نقصان نہیں پہنچا،عملہ کام کررہا:ذرائع
اسلام آباد(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)تہران میں پاکستانی سفارتخانے اورسفیرکی رہائشگاہ کے قریب شدیدبمباری کی گئی ہے ،بمباری سے پاکستانی سفارتخانے کا عملہ محفوظ رہا،سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستانی سفارتخانے کے سامنے ایرانی فوج کا مرکز ارتش واقع ہے جبکہ پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو پاسداران کے علاقے میں مقیم ہیں۔سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ رات تقریباً 8 بجے دونوں علاقوں میں بھرپور بمباری کی گئی تاہم پاکستانی سفارتخانے اور سفیر کی رہائشگاہ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو تہران میں بیس کے قریب سفارتی عملے کے ساتھ معمول کے مطابق فرائض انجام دے رہے ہیں۔ایک سینئر سفارتکار نے بتایا کہ بمباری کی شدید آوازیں سنائی دیں اور عملہ دھماکوں کی آوازوں سے پریشان ضرور ہوا تاہم تمام اہلکار محفوظ ہیں اور عملہ خطرناک ماحول میں ڈیوٹی سرانجام دے رہا ہے۔