امریکا جنگ سے نکلنے کا خواہاں، اسرائیل تسلسل چاہتا :سیٹھی

 امریکا جنگ سے نکلنے کا خواہاں، اسرائیل تسلسل چاہتا :سیٹھی

ایران کے آئل ریفائنریزکو ہدف بنانے کے اعلان پر خلیجی ممالک میں تشویش پائی جاتی سعودیہ کا پاکستان سے دفاعی معاہدہ اسرائیل کیخلاف: ’’آج کی بات سیٹھی کیساتھ‘‘

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ امریکا کی واضح پالیسی اب جاری جنگ سے نکلنے کی ہے ، جبکہ اسرائیل اس کے تسلسل کا خواہاں ہے ۔ اپنے پروگرام ‘‘آج کی بات سیٹھی کے ساتھ’’ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا کسی نہ کسی طریقے سے مذاکرات، وقتی حکمت عملی یا کامیابی کا تاثر دے کر باعزت راستہ نکالنا چاہتا ہے ، تاہم اسے عملی طور پر اس حکمت عملی پر عملدرآمد میں دشواری کا سامنا ہے ۔ ڈونلڈ ٹرمپ ایک طرف ایران کو دھمکیاں دیتے ہیں اور دوسری طرف مذاکرات کی بات کرتے ہیں، جس سے واضح ہوتا ہے کہ کوئی مستقل حکمت عملی موجود نہیں۔ ایران نے بھی خبردار کیا ہے کہ اگر اس کی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تو وہ خطے کے دیگر ممالک کی آئل ریفائنریز کو ہدف بنا سکتا ہے ، جس پر خلیجی ممالک میں تشویش پائی جاتی ہے ۔نجم سیٹھی کے مطابق ایران طویل المدتی سکیورٹی حل چاہتا ہے جبکہ ٹرمپ فوری نتائج کے خواہاں ہیں، خاص طور پر مڈٹرم انتخابات کے تناظر میں۔ اگر خطے میں کشیدگی بڑھی اور تیل کی ترسیل متاثر ہوئی تو عالمی منڈی میں شدید بحران، تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور سٹاک مارکیٹس میں مندی کا خدشہ ہے ۔سعودی عرب کا پاکستان سے کیا گیا دفاعی معاہدہ ایران نہیں بلکہ اسرائیل کیخلاف ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں