ہر فرد ،کمیونٹی کو ماحولیاتی تحفظ کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا :صدر /وزیراعظم
پاکستان عالمی موسمیاتی اقدامات ، پیرس معاہدے کے نفاذ کیلئے پرعزم :زرداری ارتھ آور ،آئیں مل کر ماحول دوست پیغام کو مستقل طرز عمل میں بدل دیں، پیغامات
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، نامہ نگار )صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی موسمیاتی اقدامات اور پیرس معاہدے کے اہداف کے نفاذ کے لیے پُرعزم ہے ، ہماری قومی پالیسیاں موسمیاتی لحاظ سے مضبوط ترقی پر مرکوز ہیں اور ہم عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور کمزور ممالک کی مدد کے لئے جاری کوششوں کا حصہ ہیں ،صدر نے ارتھ آور کے موقع پر پیغام میں کہا کہ ارتھ آور دنیا بھر میں اس یاد دہانی کے طور پر منایا جاتا ہے کہ ہمارے سیارے کے تحفظ کے لیے اجتماعی اقدامات ناگزیر ہیں۔ پاکستان بھی اس عالمی کوشش میں شامل ہے اور اس سادہ مگر اہم پیغام کی تائید کرتا ہے کہ ہم میں سے ہر فرد پر لازم ہے کہ وہ ماحول پر اپنے اثرات کو کم کرے اور وسائل کو ذمہ داری کے ساتھ استعمال کرے ۔ ایک گھنٹے لئے غیر ضروری روشنیاں بند کرنا ایک علامتی قدم ہے ، مگر یہ ہمیں اپنے گھروں، دفاتر اور معاشر ے میں عملی اقدامات کی ترغیب بھی دیتا ہے جو ماحولیاتی تحفظ میں معاون ثابت ہوتے ہیں ، وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے زمین کے تحفظ کو اجتماعی اور کلیدی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر فرد اور ہر کمیونٹی کو ماحولیاتی تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔ آج ہفتہ کو منایا جانے والے ارتھ آور کی مناسبت سے اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے قوم سے اپیل کی کہ اس دن کی مناسبت سے رات 8:30 بجے سے 9:30 بجے تک ایک گھنٹے کے لئے بجلی اور غیر ضروری روشنی بند رکھیں یا کم سے کم استعمال کریں۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ ماحولیاتی چیلنجز سے بھرپور اس دور میں ارتھ آور یاد دہانی کراتا ہے کہ زمین کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ اور کلیدی ذمہ داری ہے ، انہوں نے دعوت دی کہ آئیں ہم سب مل کر عالمی مہم میں بھرپور شرکت کریں۔ آج کے ماحول دوست پیغام کو ایک مستقل طرز عمل میں بدل دیں اور اپنے لئے اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک سرسبز، محفوظ اور مضبوط و توانا پاکستان کی بنیاد رکھیں۔