پاکستان سے مڈل ایسٹ کو اشیائے خوردونوش کی فراہمی شروع، 6 شپمنٹس کویت پہنچ گئیں

پاکستان سے مڈل ایسٹ کو اشیائے خوردونوش کی فراہمی شروع، 6 شپمنٹس کویت پہنچ گئیں

56 اشیا کی لسٹ موصول ہوئی ، چاول، چینی، خوردنی تیل، سبزیاں، پھل، گوشت اور ڈیری پراڈکٹس سمیت 40آئٹمز بھیج رہے :وزارت تجارت کے عہدیدار کی دنیا سے گفتگو کویت پاکستان کو ڈیزل اور جیٹ فیول فراہم کرے گا،کویتی سفیر کی وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک کو ملاقات میں یقین دہانی ،بحری جہاز آبنائے ہرمز کے راستے آئیں گے :ذرائع

اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی)پاکستان سے مڈل ایسٹ کواشیائے خوردونوش کی فراہمی شروع،6 شپمنٹس کویت پہنچ گئیں، ایران امریکہ جنگ کے باعث ایئر سپیس سمیت سمندری راستے متاثر ہوئے ہیں جس کی وجہ آبنائے ہرمز کی بندش ہے ۔ اس بابت مشرقِ وسطیٰ کے ممالک میں اشیائے خوردونوش کی کمی کا خدشہ بھی ہے کیونکہ خلیجی ممالک کا اشیائے خوردونوش کے لیے زیادہ تر انحصار دیگر ممالک پر ہے ۔اس صورتحال کے پیشِ نظر پاکستان نے فیصلہ کیا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ کو کھانے پینے کی اشیاء برآمد کرے گا۔ وزارتِ تجارت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر روزنامہ دنیا کو بتایا کہ مشرقِ وسطیٰ کو ان اشیاء کی فراہمی شروع کی گئی اور کویت کو ابھی تک 6 شپمنٹس دئیے گئے۔

کویت اپنے شپمنٹس جزیرہ ایئرویز کے ذریعے لے جا رہا ہے۔ مشرقِ وسطیٰ کو اشیائے خوردونوش کی سپلائی پر روزانہ کی بنیاد پر ایک میٹنگ ہوتی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جب وزیرِ اعظم نے ہدایت جاری کر دی تو ساتھ یہ بھی کہا گیا کہ یہ یقین دہانی کرائی جائے کہ برآمد سے پاکستان میں اشیاء کی قلت پیدا نہ ہو۔ اس کے بعد متعلقہ وزارتوں نے مشرقِ وسطیٰ کے ممالک سے جب رابطہ کیا تو 56 اشیاء کی فہرست موصول ہوئی جس میں 16 اشیاء ایسی تھیں جن کی برآمد ممکن نہیں تھی کیونکہ ان کی ملک میں ضرورت موجود تھی جبکہ باقی چالیس اشیاء پاکستان کے پاس سرپلس تھیں لہٰذا ان کی برآمدات شروع کی گئیں۔ان اشیاء میں چاول، چینی، خوردنی تیل، سبزیاں، پھل، گوشت، پولٹری اور ڈیری پراڈکٹس سمیت چالیس آئٹمز شامل ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں بزنس ٹو بزنس میٹنگز کرائی جا رہی ہیں اور یہ کام پرائیویٹ سیکٹر کر رہا ہے جبکہ حکومت صرف تاجروں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے اور لاجسٹکس میں سپورٹ دے رہی ہے ۔ایک اور ذریعے نے بتایا کہ مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کو عمان کے راستے بھی اشیاء بھیجی جا رہی ہیں۔ عمان کی بندرگاہوں کے بعد زمینی راستے سے آگے خوراک کی اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں۔ وزارتِ تجارت کے اعلیٰ حکام نے یہ بھی بتایا کہ اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ جو اشیاء بھیجی جا رہی ہیں وہ سرپلس ہیں اور اس بات کا خیال رکھا جا رہا ہے کہ ملک میں کوئی قلت پیدا نہ ہو۔ پاکستان کو کویت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کے حوالے سے یقین دہانی حاصل ہو گئی ۔ کویت پٹرولیم کارپوریشن پاکستان کو ڈیزل اور جیٹ فیول فراہم کرے گی۔یہ یقین دہانی وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک اور پاکستان میں کویت کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کرائی گئی۔

ملاقات کے دوران کویت پٹرولیم کارپوریشن نے پاکستان کو ممکنہ طور پر ڈیزل اور جیٹ فیول کی فراہمی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی جو پاکستان کے پرچم بردار جہازوں کے ذریعے کی جائے گی۔وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کویت کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان گزشتہ پانچ دہائیوں سے کویت سے پٹرولیم مصنوعات درآمد کر رہا ہے جو باہمی اعتماد اور مضبوط شراکت داری کا مظہر ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف خطے میں مسائل کے پرامن حل اور تعمیری سفارتکاری کے فروغ کے لیے سرگرم ہیں۔کویتی سفیر نے بھی پاکستان کے لیے اپنی حکومت کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ عالمی و علاقائی چیلنجز کے باوجود دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط ہیں۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے اور باہمی مفاد پر مبنی روابط کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ یہ جہاز آبنائے ہرمز سے گزریں گے کیونکہ ایران نے پاکستانی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دی ہے ۔ اس انتظام کے تحت 20 پاکستانی پرچم بردار جہازوں کی آمد و رفت ممکن ہو گی۔ روزانہ کی بنیاد پر 2 جہاز آبنائے ہرمز سے گزر سکیں گے ۔یہ فریم ورک پاکستان کو نہ صرف کویت بلکہ دیگر بین الاقوامی ذرائع سے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد میں سہولت فراہم کرے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں