چولستان میں پینٹرا فارمز گرین پاکستان اقدام کی نمایاں مثال
زرعی ترقی کیلئے بنجر زمینوں کو قابل کاشت بنانے کے مؤثر حکومتی اقدامات جاری پانی کا مؤثر استعمال یقینی بنانے کیلئے 7تا 8کلومیٹر طویل اندرونی نہری نظام بھی تعمیر
اسلام آباد(خصوصی نیوزرپورٹر) پاکستان میں زرعی شعبے کی ترقی کیلئے گرین پاکستان انیشیٹو کے تحت بنجر زمینوں کو قابلِ کاشت بنانے کے حکومتی اقدامات تیزی سے جاری ہیں ۔صوبہ پنجاب کے علاقے چولستان میں جدید ٹیکنالوجی اور مو ٔثر حکمتِ عملی کے ذریعے بنجر زمین کو زرخیز بنانے کی ایک نمایاں مثال پینٹرا فارمز کی صورت میں سامنے آئی ہے ۔پراجیکٹ منیجر ڈاکٹر عطا اللہ کے مطابق،ان فارمز کے اقدامات سے مقامی افراد کو روزگار کے نئے مواقع میسر آئے اور علاقائی سطح پر معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے ۔مقامی کسانوں کا کہنا ہے کہ پینٹرا فارمز کی آمد سے بنجر علاقے میں ہریالی لوٹ آئی ہے ،پینٹرا فارمز کے سی ای او فرقان علی نے بتایا اس منصوبے میں سینٹرل پیوٹ سسٹم، ڈرپ اریگیشن اور ڈرون کے ذریعے پیسٹی سائیڈ سپرے جیسی جدید سہولیات شامل ہیں۔ چولستان میں پانی کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے 7 سے 8 کلومیٹر طویل اندرونی نہری نظام بھی تعمیر کیا گیا ہے ۔