لاہو ر ہائیکورٹ:جسٹس محمد اقبال کی جنید ساہی ، احمد بھچر،احمد چٹھہ کی اپیلوں، ضمنی الیکشن روکنے کی درخواستوں پر سماعت سے معذرت
لاہور(کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چو دھری محمد اقبال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ذاتی وجوہات کی بنا پر پی پی 98 فیصل آباد سے سابق رکن اسمبلی جنید افضل ساہی کی نو مئی کیس میں نااہلی کیخلاف اپیل پرسماعت سے معذرت کرلی۔
جنید افضل ساہی نے درخواست میں موقف اپنایا کہ سیاسی بنیادوں پر جھوٹے نو مئی کے کیس میں ملوث کر دیا گیا ،پراسیکیوٹر الزام ثابت کرنے میں ناکام رہا لیکن پھر بھی اے ٹی سی عدالت فیصل آباد نے 31 جولائی کو سیاسی بنیادوں پر اسے دس سال کی سزا اور پانچ لاکھ جرمانہ کر دیا ، جسٹس محمد اقبال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ذاتی وجوہات کی بنا پرنااہلی کیخلاف سابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بھچر اور محمد احمد چٹھہ کی سزائوں کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت سے معذرت کرلی ،جسٹس چو دھری اقبال کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے ذاتی وجوہات کی بنا پر پی پی 203 ساہیوال میں ضمنی انتخابات روکنے کی اپیلوں پر سماعت سے معذرت کرلی ،عدالت نے تینوں کیسز کی فائلیں واپس چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دی ہیں۔