بنوں: تھانہ ڈومیل پر خوارج کا خود کش حملہ ناکام، بچے، خواتین سمیت 5 افراد شہید

بنوں: (دنیا نیوز) بنوں کے تھانہ ڈومیل پر خوارج کا بزدلانہ خود کش حملہ ناکام بنا دیا گیا،

خودکش حملہ آور نے تھانے کے باہر سول آبادی کو نشانہ بنا ڈالا، خودکش حملے میں 3 خواتین اور بچے سمیت 5 نہتے افراد شہید جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے، شہید ہونے والوں میں 3 خواتین، ایک بچہ اور ایک مرد شامل ہے۔

شہید ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ریسکیو ٹیمیں اور مقامی افراد ملبہ ہٹانے میں مصروف رہے، بہترین حفاظتی اقدامات کی بدولت تھانے پر حملہ ناکام ہوا لیکن خوارج کی بزدلی سے عام آبادی کو نقصان اٹھانا پڑا۔

اعلیٰ سکیورٹی حکام نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن شروع کر دیا، یہ عناصر بنوں کے امن پسند عوام کو دہشت گردی میں جھونکنا چاہتے ہیں، تاہم ان خوارج کا خاتمہ یقینی ہے۔

اعلیٰ سکیورٹی حکام کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں سے اپیل ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع دیں اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں، آخری خوارجی کے خاتمے تک نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں