عوام نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ مسترد کر دیا
لاہور: (دنیا نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے شہری حکومت سے نالاں ہوگئے۔
شہریوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کر دیا، انہوں نے کہا کہ پٹرول کی بڑھتی قیمتوں نے بجٹ کو شدید متاثر کر دیا، زندگی گزارنا مشکل ہوتا جا رہا ہے، پٹرول مہنگا ہونےسے ناصرف ٹرانسپورٹ بلکہ اشیائے خورونوش سمیت ہر چیز کی قیمت بڑھ جائے گی۔
ایک شہری نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت مہنگائی کے ذریعے عوام کو نشانہ بنا رہی ہے اور غریب آدمی کا جینا دوبھر ہو چکا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ آمدن میں اضافہ نہ ہونے کے باوجود اخراجات میں مسلسل اضافہ ایک سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی لائی جائے تاکہ مہنگائی کے بوجھ کو کم کیا جا سکے، ان کا کہنا تھا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو متوسط اور غریب طبقہ شدید مالی بحران کا شکار ہو جائے گا۔
معاشی ماہرین کے مطابق پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا براہ راست اثر مہنگائی کی مجموعی شرح پر پڑتا ہے، جس کے باعث اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہو جاتی ہیں۔
انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے متوازن پالیسیاں اختیار کی جائیں تاکہ معاشی دباؤ کو کم کیا جا سکے۔