نیپرا نے سولر ریگولیشنز 2026 میں ترمیم کر دی، پرانے صارفین کے معاہدے برقرار

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سولر ریگولیشنز 2026 میں ترمیم کر دی ہے۔

نیپرا کی جانب سے نیٹ میٹرنگ سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ پہلے سے موجود سولر نیٹ میٹرنگ صارفین کے معاہدوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق موجودہ سولر صارفین کے لائسنس اپنی مقررہ مدت تک برقرار رہیں گے۔

پہلے سے موجود صارفین کو انہی پرانے معاہدوں کے طریقہ کار کے تحت بل بھیجے جائیں گے، تاہم اگر کوئی صارف اپنی سولر صلاحیت میں اضافہ یا کمی کرتا ہے تو اسے سابقہ نرخ لاگو نہیں ہوں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سولر ریگولیشنز میں یہ ترمیم 9 فروری 2026 سے نافذ العمل ہو چکی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل نیپرا نے نیٹ میٹرنگ صارفین کے لیے یونٹ کے بدلے یونٹ کا نظام ختم کر دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق نیپرا نے نئے اور پرانے دونوں طرح کے سولر صارفین کے لیے نیٹ میٹرنگ کے بجائے نیٹ بلنگ کا نظام متعارف کرانے کی منظوری دی تھی۔

تاہم وزیراعظم کی ہدایت پر پاور ڈویژن نے نیپرا کو پرانے سولر صارفین کے لیے سابقہ پالیسی برقرار رکھنے کی ہدایت دی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں