تیل کی قیمت میں اضافے پر مریم اورنگزیب کا ردعمل، وزیراعظم کو خراجِ تحسین پیش
لاہور: (دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے تیل کے عالمی بحران کے باوجود عوام کو ایک ماہ تک ریلیف دینے پر وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو دل کی گہرائیوں سے خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں جنہوں نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود ایک ماہ تک اس کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں ہونے دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک فیصلہ نہیں بلکہ ذمہ دار قیادت، مؤثر حکمتِ عملی اور بہترین فِسکل مینجمنٹ کی واضح مثال ہے، انہوں نے نہایت دانشمندی کے ساتھ فِسکل سپیس پیدا کی، کفایت شعاری کے اقدامات اختیار کیے، غیر ضروری اخراجات میں کمی کی، اور ہر ممکن طریقے سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ امر بھی قابلِ تحسین ہے کہ عالمی سطح پر جہاں مختلف ممالک میں پٹرول کی قلت اور قیمتوں میں شدید اضافہ دیکھنے میں آیا، وہاں پاکستان کو اس بحران سے محفوظ رکھا گیا، یہ مضبوط پالیسی اور مؤثر سپلائی چین مینجمنٹ کا ثبوت ہے۔
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) April 2, 2026
ان کا کہنا تھا کہ یہ فرق ہوتا ہے ایک ذمہ دار قیادت اور ایک ایسی قیادت میں جس نے اپنی جھوٹی اور مصنوعی سیاست کو بچانے کیلئے ملک کو بحرانوں میں دھکیل دیا، آج ہر پاکستانی کو فخر ہونا چاہیے کہ اس کی قیادت شہباز شریف جیسے ذمہ دار اور سنجیدہ رہنما کے ہاتھ میں ہے، جو مشکل ترین حالات میں بھی عوام کو ریلیف دینے کیلئے عملی اقدامات کر رہا ہے۔
مریم اونگزیب نے کہا کہ آج بھی جب قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا، تو اسے عام عوام پر مکمل بوجھ ڈالنے کے بجائے ٹارگیٹڈ سبسڈی کے ذریعے متوازن کیا گیا، 2 ویلرز استعمال کرنے والے محنت کش طبقے، چھوٹے کسانوں (25 ایکڑ سے کم زمین رکھنے والے)، اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کو خصوصی ریلیف دے کر مہنگائی کے اثرات کو کم کرنے کی سنجیدہ کوشش کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہ قیادت ہے جو مشکل حالات میں بھی عوام کو تنہا نہیں چھوڑتی، بلکہ ہر ممکن حد تک سہارا دیتی ہے، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پاکستان ایسے رہنما کے ہاتھوں میں ہے جو عوام کے دکھ درد کو سمجھتا ہے اور ان کیلئے عملی اقدامات کرتا ہے۔
ن لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ میں اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کو وفاق کی اکائیوں اور پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو اکھٹا ہونے پر مبارکباد دیتی ہوں اور تمام وزرائے اعلیٰ کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔